لاک ڈائون کے نام پر رشوت کا بازار گرم ہے ، فیصل سبز واری

155

کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)پاکستان کے رہنما سینیٹر فیصل سبزواری نے دعویٰ کیا ہے کہ شہر قائد میں لاک ڈاؤن کے نام پر رشوت کا بازار گرم ہے۔لاک ڈاؤن میں سب بند ہونا چاہیے، ایسا ہونا نہیں چاہیے کہ ایک مارکیٹ سے پیسے لے کر وہاں کے دکان داروں کو ریلیف فراہم کردیا جائے، جبکہ تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ ایس او پیز کے نام پر سندھ میں پولیس کی چاندی ہوگئی،کراچی میں پولیس دکان داروں سے بھتے وصول کررہی ہے، انہوں نے اپنا ریٹ بڑھا دیا ہے۔ ادھر سندھ حکومت کے ترجمان اور وزیراعلیٰ کے مشیر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ثبوت پیش کیے جائیں، ایسے اہلکاروں اور افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ کراچی میں لاک ڈاؤن کے نام پر رشوت کا بازار گرم ہے، عیدی کے نام پر تاجروں سے رشوت وصول کی جارہی ہے اور جو دکان دار پیسے نہیں دے رہے ان کے کاروبار بند کیے جارہے ہیں۔فیصل سبزواری نے دعویٰ کیا کہ سندھ پولیس کے افسران اور اہلکار دکانداروں کو پیش کش کرتے ہیں کہ وہ پیسے دینے کے بعد کاروبار کھول سکتے ہیں۔ادھرتحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا کہ ایس اوپیز کے نام پرسندھ میں پولیس کی چاندی ہوگئی، کاروباری شخصیات کو چاروں ہاتھ پاؤں سے لوٹاجارہا ہے۔خرم شیر زمان نے کہا کہ کراچی میں پولیس دکان داروں سے بھتے وصول کررہی ہے، انہوں نے اپنا ریٹ بڑھا دیا ہے۔دوسری جانب سندھ حکومت کے ترجمان اور وزیراعلیٰ کے مشیر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے فیصل سبزواری کے الزام کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم صرف اپنی سیاسی اہمیت زندہ کرنے کے لیے الزام عائد کررہی ہے۔انہوں نے پیش کش کی کہ اگر پولیس نے کسی دکان دار یا تاجر کے ساتھ زیادتی کی تو اس کے ثبوت فراہم کیے جائیں، سندھ حکومت ایسے اہلکاروں اور افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے گی۔