پی ایس ایل فرنچائزز کا دبائو ، پی سی بی بقیہ میچز امارات میں کرانے کیلیے تیار

366

کراچی (سید وزیر علی قادری)پاکستان کرکٹ بورڈ اور پی ایس ایل 6 فرنچائز مالکان نے جمعہ کے روز ورچوئل اجلاس میں شرکت کی۔ شرکا نے لیگ کے انعقاد سے متعلق این سی او سی کی ہدایات کا تمام پہلوں سے جائزہ لیا۔گزشتہ چند روز سے پی ایس ایل فرنچائزز کے مالکان نے پاکستان کرکٹ بورڈ پر دبائو بڑھا دیا تھا کہ ہم پاکستان کے شہر کراچی میںنئے شیڈول کے مطابق بقیہ میچز نہیں کھیلیں گے اور کورونا وبا کے پھیلائو کی وجہ سے ٹورنامنٹ کو متحدہ عرب امارات ( یو اے ای) لے جایا جائے،لہذا اب پی سی بی اس بات کا جائز ہ لینے کے بعد امارات میں بقیہ پی ایس ایل ایونٹ کے میچز کرانے کے لیے تیار نظر آرہا ہے۔ مگر اب بھی ابہام باقی ہے اور میڈیا رپورٹس میں مختلف تجزیہ نگار اپنے اپنے تجربات کی روشنی میں تبادلہ خیال اور سماجی رابطوں کے زریعے شائقین کو اس ایونٹ کے متعلق آگاہ کررہے ہیں۔ تاہم ترجمان پی سی بی کے مطابق اجلاس میںکہا گیا کہ لیگ کے بقیہ 20 میچز کے لیے پہلی ترجیح متحدہ عرب امارات ہے، مگر کیونکہ وہاں عید الفطر کی تعطیلات کا آغاز ہوچکا ہے اور پاکستان میں بھی اس کا اعلان ہوچکا ہے لہذا ہم چھٹیوں کے دوران بھی ایونٹ کے شیڈول کو نئے سرے سے تیار کریں گے ۔ یہ بات بھی مدنظر رکھی جائے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو 23 جون دورہ انگلینڈ پر روانہ ہونا ہے، لہذا پی سی بی اب ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے ساتھ رابطہ کرکے ایونٹ کو منعقد کرنے پر تبادلہ خیال کرے گا۔ اگر پی ایس ایل یو اے ای میں منعقد ہونا ہے تو اس سلسلے میں پی سی بی پلیئنگ اور ٹریننگ سہولیات، ہوٹل کی بکنگ، گرائونڈ پہنچنے کے لیے ٹرانسپورٹ اور ویزوں کے حوالے سے بھی ای سی بی سے مکمل رابطے میں رہے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا تھا کہ اجلاس بہت مفید رہا، جس میںکئی پہلوو ں کا جائزہ لیاگیا، اس دوران متحدہ عرب امارات کا وینیو پہلی ترجیح بن کر سامنے آیا ہے تاہم ہمیں اب بھی کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔ان کا کہنا تھاکہ ہم پی ایس ایل 6 کو کامیابی سے مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔واضح رہے کہ این سی او سی نے بھی 2روز قبل کراچی میں پی ایس ایل کے بقیہ میچز جو جون میں شیڈول ہیں ان کا ایس او پیز کے تحت منعقد ہونا مشکل ہے۔

پ