قوم مسائل کے حل کے لیے قرآن سے رجوع کرے، اختر طاہری

120

ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) نبیؐ نے فرمایا میرے ایک ہاتھ پر چاند اور ایک پر سورج رکھ دیا جائے پھر بھی تمام انسانوں تک قرآن کی دعوت پہنچاتا رہوں گا۔ قرآن انقلابی کتاب اور دنیا کو تبدیل کرنے کا عظیم نسخہ ہے اگر یہ قوم اپنے مسائل کو حل کرنے کے لیے قرآن سے رجوع کرے تو تمام مسائل سے نجات مل سکتی ہے۔ عمران خان گھر اسکیم کے تحت پوری قوم کو سودی نظام میں جکڑکر عالمی مالیاتی اداروں کو خوش کرنا چاہتے ہیں جبکہ سود لینے، دینے اور لکھنے والوں کیخلاف اللہ اور ان کے رسولؐ نے اعلان جنگ کر رکھا ہے۔ سود اور سودی معیشت معاشی نظام کی بربادی کی اصل بنیاد ہے۔ ان خیالات کا اظہار علامہ اختر طاہری نے مسجد حیدری میں ختم القرآن کی پر نور محفل سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قرآن مجید نے بلاسودی نظام کا زبردست انقلابی پیکیج پیش کیا ہے، اس لیے قرآن کریم کے بتائے ہوئے اصولوں اور نظام کی روشنی میں قوم کو ریلیف دیا جائے۔ سودی نظام میں مہنگائی میں اضافہ ہوجاتا ہے اور عام لوگوں کی ضرورت کی چیزیں ان کی دسترس سے باہر ہوجاتی ہیں اور انسانیت کی اکثریت غربت کی زندگی گزارنے پر یا سود پر رقم لے کر ذلّت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوجاتی ہے۔ مشاہدات وتجربات کی دنیا کا سرسری جائزہ لینے سے ہی یہ بات نمایاںہو جا تی ہے کہ جس معاشرے میںسود کا رواج ہوا، وہ معاشرہ بے پناہ اسباب اوروسائل مہیا ہونے کے باوجود بے چین، بے سکون اور غیر محفوظ ہو کر رہ گیا۔ انسان اخلاقی اقدار (محبت، ہمدردی، بھائی چارہ وغیرہ) جو خوشحال معاشرے کی لازمی ضرورت ہیں، انہیں کھو بیٹھا ہے۔ اشرف صحرائی کی جیل میں شہادت انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ کشمیر میں مودی نے ظلم وستم کا بازار گرم کر رکھا ہے جس پر یورپی یونین سمیت مغرب خاموش تماشائی کردار ادا کررہا ہے جبکہ پاکستان کو بلیک میل کرنے کے لیے تحفظ ختم نبوتؐ قانون کو ختم کرنے اور گستاخان رسول کو رہا کرنے کی یورپی پارلیمنٹ کی قرار داد پاس کرکے اسلام دشمنی کا ثبوت فراہم کیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان کشمیری سیاسی قیدیوں کا مسئلہ عالمی عدالت انصاف اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن میں اْٹھائے۔