کیفے بوگی احترامِ رمضان آرڈیننس کی خلاف ورزی پر سیل

537

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کیفے بوگی احترامِ رمضان آرڈیننس کی خلاف ورزی پر سیل کردیا گیا،تفصیلات کے مطابق کیفے بوگی میں ماہ رمضان کے دوران دن کے اوقات میں کھانا فراہم کر کے ایس او پیز کی خلاف ورزی کی جارہی تھی۔

کراچی میں قائم کیفے بوگی کو ضلعی انتظامیہ نے احترامِ رمضان آرڈیننس اور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سیل کردیا ہے۔آئی آئی چند ریگر روڈ پر واقع کیفے بوگی میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کی جارہی تھی۔ کیفے بوگی میں رمضان کے دوران دن کے اوقات میں گاہکوں کو کھانا فراہم کیا جارہا تھا۔

ڈپٹی کمشنر ساؤتھ ارشاد سوڈھر نے احترامِ رمضان آرڈیننس اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی کورونا کی وباء سے متعلق جاری کردہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر پاکستان ریلویز کے زیر انتظام کیفے بوگی کو سیل کردیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلوے کی حدود میں قائم کیفے بوگی کو سیل کیے جانے پر ریلوے انتظامیہ نے قانونی مشیروں سے ضلعی انتظامیہ کے دائرہ کار سے متعلق رائے طلب کرلی ہے۔ ریلوے کے قانونی مشیروں نے مشاورت شروع کردی ہے کہ کیفے بوگی کو سیل کرنے کا اختیار صوبائی حکومت کی ماتحت ضلعی انتظامیہ کے پاس ہے یا نہیں ہے۔

واضح رہے کہ آئی آئی چند ریگر روڈ پر پاکستان ریلوے کی بوگیاں نظر آتی ہیں جو دراصل کیفے بوگی ہے۔ سٹی ریلوے اسٹیشن پر موجود کیفے بوگی میں چار کمپارٹمنٹس موجود ہیں جن میں سب سے بڑا لاہورکا ہے۔

اس کیفے میں ساہیوال اور ملتان نامی کمپارٹمنٹس بھی ہیں جبکہ آخری کمپارٹمنٹ میں کچن بنایا گیا ہے۔یہ بوگیاں ایک متروکہ ریلوے لائن پر کھڑی ہیں۔ یہ وہی بوگیاں ہیں جن کے ذریعے لوگوں کو ایک شہر سے دوسرے شہر پہنچایا جاتا تھا۔ مگر اب یہ بوگیاں ریلوے کلچر کو فروغ دینے کی غرض سے کیفے بوگی کا حصہ ہیں۔

پاکستان ریلوے کے کیفے بوگی میں بیک وقت 30 افراد بیٹھ سکتے ہیں۔ کیفے کے آگے پلیٹ فارم سے ملتے جلتے پس منظر میں 40 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔ 5 بوگیوں پر قائم کیفے بوگی اطراف میں قائم دفاتر کے افراد کے لیے کھانے کی بہترین جگہ ہے۔