مہنگائی کی سالانہ شرح بڑھ کر 17.05فیصد تک پہنچ گئی

97

اسلام آباد (صباح نیوز)ملک میں مہنگائی کی شرح میں پھر سے0.50فیصد اضافہ ہوا جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 17.05 فیصد ہوگئی۔ ادارہ شماریات کی جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں آٹا، ٹماٹر، چینی، دال مونگ، تازہ دودھ، گائے کا گوشت، بکرے کا گوشت، ویجی ٹیبل گھی،خشک دودھ، گڑ، سرسوں کا تیل اور دیگر 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں
میں اضافہ ہوا۔ انڈے، آلو، پیاز، لہسن، ایل پی جی اور دال چنا سمیت 7اشیا سستی ہوئیں جبکہ 26اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہیں۔اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران سالانہ بنیادوں پر 17ہزار 732 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں 19.81فیصد، 17ہزار 733 روپے سے 22ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے 17.15 فیصد، 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517روپے ماہانہ تک آمدنی والوں کے لیے 16.23 فیصد، 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں 16.40 فیصد رہی۔واضح رہے کہ ماہ رمضان میں مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے تاہم حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز اور بچت بازاروں کے ذریعے عوام کو سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی ہے۔
مہنگائی