دین اسلام دین فطرت ہے، جو طبیعت کو نظم و ضبط کا پابند بناتا ہے

242

سکھر( نمائندہ جسارت) میلاد مصطفی کمیٹی سکھر پاکستان کے بانی غیاث الدین قادری نے کہا ہے کہ دین اسلام دین فطرت ہے، جو طبیعت کو نظم و ضبط کا پابند بناتا ہے جو معاشرہ اسلامی احکامات کے زیر سائیہ زندگی گزارنے پر تیار ہو جائے وہ کامیاب و کامران رہتا ہے روزہ معاشی ناہمواری کا خاتمہ کر کے ہمیں مساوات و برابری، ہمدردی، غم خواری اور باہمی تعاون ، صبر و استقامات کے جذبات کو فروغ دینے کا درس دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ انیس المدارس کے اسٹوڈیو میں آن لائن بہار رمضان نشریات میں کیا۔ اس موقع پر مفتی نعمان حنفی، علامہ محمد ساجد سومرو، مسعود احمد سعیدی اور نعت خواں احسن رضا قادری بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ بہار رمضان کی اپنی معلوماتی اصلاحی تبلیغی براہ راست نشریات میں لب و لہجہ کی مٹھاس دلائل کی لذت، معلومات کا ذخیرہ، اصلاح کی چاسنی ، تبلیغ کا اثر اور اخلاص کی خوشبو سے دل و دماغ روشن اور معطر ہو جاتا ہے اور علمی تشنگی ختم ہو تی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی موضوعات کا کوئی پہلو تشنہ نہیں چھوڑا جا رہا ہے دیکھنے اور سننے والوں کی دلچسپی سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ اسلامی معلومات سے آشنا ہونا چاہتے ہیں، اور ذکر رسالت مآب ﷺ نعت رسول مقبول ﷺ کی صورت میں سماعت کر کے ایمانی اور روحانی تسکین حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے جامعہ انیس المدارس کے بانی الحاج انیس احمد نوری ، مسعود احمد سعیدی اور دیگر منتظمین کی دینی کاوشوں کو سراہا اور اسلامی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بہار رمضان نشریات سے ایک بڑی تعداد مستفید ہو رہی ہے جوکہ انتہائی خوش آئند اور حوصلہ افزا بات ہے۔ اس طرح کے ٹرانسمیشن کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔