الخدمت کراچی کے تحت یتیم بچوں کے لیے شاندار دعوت افطار

194

کراچی(اسٹاف رپورٹر)۱لخدمت کراچی کے تحت گلشن معمار میں قائم اقامتی ادارے ’’ آغوش ہوم ‘‘ کے رجسٹرڈٖ یتیم بچوں کے لیے الخدمت ہیڈ آفس میں دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا جبکہ ان بچوں کو عید الفطر کی خوشیوں میں شریک کرنے کے لیے الخدمت کی جانب سے نقد رقوم اور عیدی اور تحائف بھی دیے گئے ۔ تقریب کی صدارت چیف ایگزیکٹو الخدمت نوید علی بیگ نے کی۔دعوت افطار سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی اورسینئر منیجر ریسور س موبلائزیشن عنایت اللہ اسماعیل نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹر الخدمت آرفن کیئر پروگرام فاروق کملانی ،ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز قاضی سید صدرالدین ،ڈاکٹر اقبال میاںو دیگر ذمے داران موجود تھے ۔افطار کے موقع پر روزہ دار بچوں کے چہروں پر خوشی دیدنی تھی ۔بچوں اور ان کی ماؤں کا کہنا تھا کہ الخدمت ان کے سر پر سائبان کی طرح ہے ۔الخدمت نے ہمیں عید کی خوشیوں میں شریک کیا ہے اورہم اس عید کو بھرپور انداز میں منائیں گے ۔دعوت افطار کے موقع پر بچوں اور ان کی ماؤں سے خطاب میں نوید علی بیگ نے کہا کہ آج کے بچے مستقبل کے معمار ہیں ۔ الخدمت ملک بھر میں کفالت یتامیٰ پروگرام کے ذریعے 14ہزارسے زاید بچوں کی کفالت کررہی ہے جبکہ صرف کراچی میں الخدمت ایک ہزار 174بچوں کی کفالت کر رہی ہے ۔الخدمت ان بچوں کی 4 ہزار روپے ماہانہ اور 48ہزار روپے سالانہ سے کفالت کر رہی ہے،جس سے ان بچوں کے تعلیمی ودیگر ضروری اخراجات پورے ہوتے ہیں، ان بچوں کے لیے سارا سال مختلف تفریحی،تعلیمی اورتربیتی تقریبات کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے تاکہ ان بچوں کی صلاحیتیں کوپروان چڑھایاجا سکے اور یہ بچے ملک کا روشن مستقبل بن سکیں ۔اہل خیر کو چاہیے کہ وہ اس سلسلے میں الخدمت کے ساتھ تعاون کریں ۔ تقریب کے اختتام پربچوں میںعیدالفطر کی شاپنگ کے لیے نقد رقم ،عیدی اور تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔