اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 2 فلسطینی شہید

261
جنین: اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی لاشیں جائے وقوع پر پڑی ہیں

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) قابض صہیونی فوج کی فائرنگ سے مزید 2فلسطینی شہید ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق قابض فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین کے شمال میں سالم نامی چیک پوسٹ پر 3 فلسطینیوں کو گولیوں سے بھون ڈالا،جس کے نتیجے میں 2شہری شہید اور ایک سخت زخمی ہوگیا۔ دوسری جانب اقوام متحدہ نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ مشرقی بیت المقدس میں مقبوضہ علاقوں سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی بند کی جائے۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق کے ترجمان روپرٹ کولول نے جمعہ کے روز جنیوا میں دیے گئے اپنے بیان میں کہا کہ یہ اقدام جنگی جرائم کے زمرے میں بھی آ سکتا ہے۔ ادھر یورپی ممالک نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی آباد کاری کا عمل روک دیا جائے۔ فرانس، برطانیہ، جرمنی، اٹلی اور اسپین کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں 550مکانات کی تعمیر کے منصوبے کو فی الفور روکنے کا مطالبہ کیا گیا۔ یورپی ممالک کے وزرا ئے خارجہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاکہ ہم اسرائیل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ مغربی کنارے کے ہار ہوما علاقے میں توسیع پسندانہ کارروائیوں کے فیصلے کو واپس لے۔ بیان میں کہا گیاکہ آبادکاری عالمی قوانین کے تحت غیر قانونی ہے اور فلسطین اور اسرائیل کے تنازعے کے پر امن حل کے امکانات کے لیے خطرہ بھی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیاکہ ہم فریقین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کسی بھی یک طرفہ کارروائی سے باز رہیں ۔ مقبوضہ علاقوں میں اسرائیل کی مسلسل آبادکاری اور وہاں کے مقامی لوگوں کے انخلا سے اعتماد بحال کرنے کی کوششوں کو دھچکا پہنچتا ہے۔