پاکستان اسٹاک میں تیزی : 64 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ

779

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو بھی کاروبار حصص میںتیزی کا رجحان برقرار رہااور کے ایس ای 100 انڈیکس 45 ہزار کی نفسیاتی حدکو بحال کرتے ہوئے مزید231.06 پوائنٹس کے اضافے سے 45174.67 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا جب کہ 64.52 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میںاضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ سرمایہ میں 54 ارب 33 کروڑ 56 لاکھ روپے سے زائد کا اضافہ ہوگیا تاہم حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بدھ کی نسبت 5.47فی صد کم رہا۔ گزشتہ روز ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی مثبت رجحان دیکھنے میں آیا اورسرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی بھرپور خریداری کی گئی جس کے نتیجے میں تیزی رہی اورکے ایس ای 100 انڈیکس45ہزار کی نفسیاتی حد کو بحال کرتے ہوئے 45244 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیابعد ازاں پرافٹ ٹیکنگ کے سبب45200 کی نفسیاتی حد برقرار نہ رہ سکی لیکن تیزی کا رجحان غالب رہا اور کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 231.06 پوائنٹس کے اضافے سے 45174.67 پوائنٹس سطح پر بند ہوا جب کہ کے ایس ای30انڈیکس 86.89 پوائنٹس کے اضافے سے 18469.87 پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 216.19 پوائنٹس کے اضافے سے30475.48پوائنٹس اور کے ایم آئی30 انڈیکس 290.77 پوائنٹس بڑھ کر 73136.12 پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا ۔گزشتہ روز مجموعی طورپر358کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں 231کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 110 میں کمی اور17میں استحکام رہا۔ جمعرات کو 24 کروڑ 56 لاکھ 42 ہزار 752 حصص کا کاروبار ہوا جبکہ گزشتہ روز 25 کروڑ 98 لاکھ 68 ہزار 123شیئرز کے سودے ہوئے تھے۔ تیزی کے باعث مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 54 ارب 33 کروڑ 56 لاکھ28 ہزار 308 روپے بڑھ کر78 کھرب 8 ارب 78 کروڑ 43 لاکھ22ہزار714 روپے ہوگیا ۔