ہاکی فیڈریشن: ٹیم عہدیداروں اور کھلاڑیوں کیلئے کورونا ویکسینیشن کا پہلا مرحلہ مکمل

317

کراچی (رپورٹ: سید وزیر علی قادری):  شہر قائد میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں مکمل ایس او پیز کیساتھ جاری جونیئر ہاکی کیمپ میں جونیئر ٹیم آفیشلز و کھلاڑیوں کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں جاری جونیئر ہاکی کیمپ میں موجود ٹیم آفیشلز و کھلاڑیوں کو کورونا سے بچاؤ کیلیے ویکسین لگانے کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا۔

ہاکی فیڈریشن کے مطابق ویکسین کا دوسرا ڈوز 26 مئی کو لگایا جائے گا جبکہ پی ایچ ایف ہیڈ کوارٹر لاہور میں بھی سینئر ٹیم آفیشلز و کھلاڑیوں کو پہلے ڈوز کی ویکسین لگانے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔

اس حوالے سے پی ایچ ایف سیکریٹری جنرل اولمپیئن آصف باجوہ نے این سی او سی کیساتھ اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہےکہ ہم تہہ دل سے حکومت پاکستان، حکومت پنجاب، حکومت سندھ اور خصوصی طور پر این سی او سی چیئرمین اسد عمر ، ڈاکٹر فیصل سلطان ، کوآرڈینیٹر این سی او سی لیفٹننٹ جنرل حمود الزمان کے شکر گزار ہیں جنہوں نے سینئر و جونیئر ٹیم آفیشلز و کھلاڑیوں کو ویکسین لگوانے کے احکامات دیئے اور کھلاڑیوں کو اس حوالے سے سہولیات فراہم کیں۔

 کورونا کی وباء کے پیش نظر پی ایچ ایف صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں جونیئر ہاکی ٹیم کا مکمل ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے کیمپ جاری ہے۔

واضح رہے   بلاشبہ پی ایچ ایف کیلئے ان حالات میں جونیئر ایشیاء ہاکی کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں کیمپ کا انعقاد کسی چیلنج سے کم نہیں تھا مگر الحمداللہ سینیئر ڈاکٹرز کی ٹیم کی زیر نگرانی مکمل احتیاطی تدابیر کو اپناتے ہوِئے کیمپ جاری ہے۔