شہباز شریف کو باہر جانے کی اجازت قانون کے ساتھ مذاق، اتنا جلد فیصلہ تو پنچائیت میں نہیں ہوتا، فواد چوہدری

318

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے شہباز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ منی لانڈرنگ میں ملوث شہباز شریف کو باہر جانے کی اجازت دینا قانون کے ساتھ مذاق ہے، اتنا جلد فیصلہ تو پنچائیت میں نہیں ہوتا۔

فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر اینے بیان میں کہا کہ اربوں روپے کی منی لانڈرنگ میں ملوث شہباز شریف کا اس طرح سے فرار ہونا بدقسمتی ہوگی، اس سے پہلے وہ نواز شریف کی واپسی کی گارنٹی دے چکے ہیں سوال یہ ہے کہ کہ اس گارنٹی کا کیا بنا؟۔

انہوں نے کہا کہ فیصلے کے خلاف تمام قانونی راستے اختیار کریں گے، ہمارے نظام عدل کی کمزوریوں کی وزیراعظم کئی بار نشاندہی کر چکے ہیں لیکن اپوزیشن اصلاحات پر تیار نہیں اور اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ اس بوسیدہ نظام سے ان کے مفاد وابستہ ہیں۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ شہباز شریف نے نواز شریف کے باہر جانے کیلئے یہ گارنٹی عدالت میں جمع کروائی تھی، اب بجائے اس کے کہ کہ شہباز شریف کو جعلی گارنٹی دینے پر نوٹس کیا جاتا نواز شریف کو واپس بلایا جاتا خود شہباز شریف کو باہر بھیجا جا رہا ہے۔