حب کے 15 ہزار خاندان رمضان راشن سے محروم ہیں،مولوی یعقوب ساسولی

364

لسبیلہ(نمائندہ جسارت)جمعیت علما اسلام لسبیلہ کے سیکرٹری جنرل مولوی یعقوب ساسولی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ چیمبر آف کامرس لسبیلہ کے ڈی جی خان سیمنٹ کمپنی،اٹک کمپنی حب کو پاور کول،پاور پلانٹ کوئلہ حب بوسیکار آئل کمپنی شپ بریکنگ یارڈ صنعتکار تمام کے تمام اپنی امداد حب کے عوام کو دینے کے لیے تیار نہیں ہیں ان کی امداد پتا نہیں کہاں خرچ ہوتی ہے ہر سال چیمبر آف کامرس راشن کی مد میں غریبوں کو کچھ نہ کچھ دیتا تھا اس سال افطاری کے بہانے اس سے بھی عوام کو محروم کر رکھا ہے فری ٹیکس اور لسبیلہ کے تمام سہولیات سے فائدہ اٹھاکر سالانہ اربوں روپے کمانے والے حب کے غریب عوام کو امداد دینے پر ان کو بخار چڑھتا ہے آخر ان سے کون پوچھے گا اور کون ان ظالموں کا احتساب کرے گا کب تک حب کے غریبوں کا خون چوستے رہیں گے یہ صنعتکار سرمایہ دار لوگ کوڑی کے داموں پر یہاں کی زمینوں اور پہاڑوں کو لیکر زبردستی پورے علاقے کو قبضہ کر کے بیٹھ جاتے ہیں نہ روزگار دیتے ہیں نہ کوئی سہولیات نہ امداد نہ اسپتال میں تعاون نہ تعلیم میں صرف انتظامیہ کو خوش کرکے اپنا الو سیدھا کرتے ہیں اگر یہی رویہ رہا تو ان کے خلاف عید کے بعد آل پارٹیز کانفرنس طلب کر کے کوئی نہ کوئی لائحہ عمل تیار کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ کم از کم حب کے پندرہ ہزار خاندانوں کو رمضان المبارک میں راشن دینا چاہیے لیکن کچھ بھی ان کی طرف سے نہیں ہے جو کہ افسوسناک امر ہے۔