ٹنڈوالٰہیار،عید کی خریداری کیلیے شہری مہنگے داموں اشیا خریدنے پرمجبور

298

ٹنڈوالٰہیار(نمائندہ جسارت)عید الفطر کے دن قریب آتے ہی بازاروں میں لوگوں کارش، دکانداروں نے دام دگنے کرلیے، مہنگائی کی وجہ سے عوام پریشان، خواتین اور دکانداروں میں قیمتوں پربحث۔ تفصیلات کے مطابق عید الفطر کے دن قریب آتے ہی عید کی تیاریوں کا بھی زور شروع ہوگیا ہے ٹنڈوالٰہیار کے بازاروںمیں لوگوں کا رش لگا ہوا ہے خصوصاً خواتین کی مارکیٹوں میں بہت زیادہ رش ہے اور لوگ عید کی خریداری میں مصروف ہیں ،عید کے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دکانداروں نے دگنے دام کرلیے ہیں جس کی وجہ سے عوام پریشان ہے، دکانداروں کا کہنا ہے کہ دام دگنے نہیں کیے البتہ مہنگائی اوپر سے ہے ہمیں چیزیں مہنگی مل رہی ہیں اس لیے مہنگی فروخت کررہے ہیں جبکہ خریداروں کا کہنا ہے کہ عید کا موقع ہے اس لیے دکاندار اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مہنگے داموں چیزیں فروخت کررہے ہیں اور ہم مجبور ہیں بچوں کے لیے شاپنگ تو کرنی ہے اس لیے مہنگے داموں خریداری کررہے ہیں جبکہ دوسری جانب بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث خواتین اور دکانداروں کے درمیان روایتی سخت بحث کا ہونا معمول بن چکا ہے۔ایک دکاندار سنی کمار کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی وجہ سے سخت پریشان ہیں خواتین پہلے ہی بحث کرتی تھی اب تو اور مہنگائی ہوگئی ہے اب تو ہم سے جھگڑا کرنے لگتی ہیں لیکن ہم مجبور ہیں کیا کریں جو چیز مہنگی ملے گی تو مہنگی ہی دیں گے۔علاوہ ازیںمار کیٹوں میں سب سے اہم بات یہ دیکھی گئی کہ دکانداروں اور اکثر شہریوں نے کورونا ایس او پیز کے تحت ماسک لگائے ہوئے تھے۔