دھابیجی، چوری کی وارداتوں میں اضافہ، شہری غیر محفوظ

322

دھابیجی (نمائندہ جسارت) دھابیجی میں چوری کی وارداتوں میں اضافہ، نامعلوم خواتین ملزمان تین روز کے دوران 2 گھروں کا صفایا کرکے فرار، پولیس ملزمان کو پکڑنے میں تاحال ناکام، علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ دھابیجی میں نامعلوم خواتین کے گینگ نے گھروں کا صفایا شروع کردیا۔ دو روز قبل علی الصباح نامعلوم خاتون نے غریب آباد مارکیٹ دھابیجی کے رہائشی سماجی رہنما آزاد خان کے گھر میں داخل ہو کر نقد رقم، لیپ ٹاپ، موبائل فون ودیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے تھے جبکہ بدھ کی صبح نامعلوم نوسرباز خاتون نے احمد خان نامی شخص کے گھر میں داخل ہوکر الماری میں موجود لاکھوں روپے نقد رقم، زیورات اور 3 عدد موبائل فون لے کر فرار ہوگئی۔ متاثرہ فیملی نے بتایا کہ سحری کرکے نماز فجر پڑھنے کے بعد ہم لوگ دوبارہ سوگئے تھے۔ اس دوران بچوں کی جانب سے دروازہ کھولنے پر نامعلوم خاتون گھر میں داخل ہوئی اور چوری کرکے فرار ہوگئی۔ ملزمہ کو پڑوس میں لگے سی سی ٹی وی کیمرہ کی مدد سے دیکھا گیا ہے۔ عید قریب آتے ہی علاقے میں چوری کی وارداتیں بڑھنے پر شہریوں میں سخت تشویش پائی جارہی ہے جبکہ پولیس تاحال ملزمان کو پکڑنے میں ناکام ہے۔