سکھر، ڈرائیوروں اور مسافروں کو روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی

221

سکھر( نمائندہ جسارت)موٹروے پولیس سکھر کا احسن اقدام نیشنل ہائی وے این فائیو پر رواں سال یکم رمضان سے سکھر سیکٹر کے مختلف مقامات پر آئی جی موٹر وے سید کلیم امام، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ ریجن جاوید علی مہر اور ڈی آئی جی موٹروے سندھ علی شیر جکھرانی کی خصوصی ہدایت پر ایس پی موٹر وے سکھر جاوید اقبال چدھڑ کی زیر نگرانی آنے جانے والی گاڑیوں کے ڈرائیوروں اور مسافروں کو روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی سمیت موٹر وے پولیس کے افسران نیکی اور خدمت کے جذبے کو اپناتے ہوئے افطاری کا سامان اور ٹھنڈے مشروبات فی سبیل اللہ تقسیم کررہے ہیں۔ اس سلسلے میں این فائیو سکھر سیکٹر کے افسران اور موبائل ایجوکیشن یونٹ سکھر کے افسران کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر نیشنل ہائی وے کے مختلف مقامات پر آنے اور جانے والی چھوٹی بڑی گاڑیوں کے مسافروں میں کثیر تعداد میں فی سبیل اللہ افطار کے لیے باکس اور ٹھنڈے مشروبات سمیت روڈ حادثات سے بچاؤ اور ٹریفک قوانین سے متعلق مفید آگاہی فراہم کرنے سمیت روڈ سیفٹی سے متعلق پمفلٹس بھی تقسیم کیے جارہے ہیں۔ ایس پی موٹر وے جاوید اقبال چدھڑ نے موٹر وے پولیس سکھر کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ڈرائیور حضرات کو سختی سے پابند کریں کہ وہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کرتے ہوئے فیس ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں اور دوران سفر تیز رفتاری سے گریز کریں، تمام احتیاطی تدابیر کو اپناتے ہوئے اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو محفوظ بنائیں۔ اس موقع پر مسافروں نے موٹروے پولیس کے لیے نیک جذبات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی شاہراہوں پر موٹروے پولیس اپنی ڈیوٹی دیانت داری اور فرض شناسی کے ساتھ سرانجام دے رہی ہے، جس کو ہر پاکستانی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور مسافروں کے لئے افطاری جیسے نیک عمل میں حصہ لینا موٹروے پولیس کو دوسرے اداروں سے ممتاز بناتا ہے جس پر موٹروے پولیس کو سلام پیش کرتے ہیں۔