وزیراعظم آئی ایم ایف سے غلط ڈیل پر قوم سے معافی مانگیں ،بلاول

238

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف ڈیل پر نظر ثانی کے بجائے پہلے ہماری بات مان لیتے تو آج معیشت یوں تباہ نہ ہوتی، پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف ڈیل میں اپنی غلطی کو تسلیم کرنا کافی نہیں، عمران خان کو قوم سے معافی مانگنا ہوگی۔پیپلز پارٹی میڈیا سیل کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ملک میں ہونے والی مہنگائی کی وجہ عمران خان کے غلط فیصلے ہیں، وزیراعظم کسی اور کو قربانی کا بکرا بنا کر خود نہیں بچ سکتے۔بلاول نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ آئی ایم ایف سے غلط ڈیل کا اعتراف اس بات کا ثبوت ہے کہ عمران خان کے پاس ایک اہل حکمران والی سمجھ بوجھ بالکل نہیں، پہلے آئی ایم ایف سے معاہدے سے گریز کا دفاع کیا، پھر تاخیر سے معاہدہ کرکے غلط ڈیل کا دفاع کیا اور اب اس سے بھی پی ٹی آئی نے یوٹرن لے لیا۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان غلطیاں کرتے ہیں، غلطیوں کا اعتراف کرتے ہیں اور پھر وہی غلطیاں دہراتے ہیں۔ ہم عمران خان کے آئی ایم ایف کی ہدایت پر عوام سے 1200 ارب روپے کے مزید ٹیکس وصول کرنے کے ہتھکنڈے کو ناکام بنائیں گے۔پی پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر بجلی، گیس اور پیٹرول مہنگا کرنے کے بعد عمران خان کہتے ہیں کہ وہ اپنے فیصلوں میں آزاد ہیں۔ ہم آئی ایم ایف کے تنخواہ دار ملازموں کو پاکستان کے عوام کے فیصلے نہیں کرنے دیں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ لادنا دراصل ملکی وقار پر سمجھوتا ہے، آئی ایم ایف کی ہدایت پر عمران خان نے روپے کی قدر گرا کر بدترین فیصلہ کیا جس کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں۔