اس سال یوم القدس کی اہمیت پہلے سے زیادہ ہے، رضا سجادی

269

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسلامی جمہوریہ ایران کے قائم مقام قونصلر جنرل کراچی سید محمد رضا سجادی نے جمعۃ الوداع کی مناسبت سے یوم القدس کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مظلوم فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت اور ظلم و ستم پر خاموش نہیں رہنا
چاہیے۔ ہر سطح پر آواز اٹھائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ چالیس سال سے یوم القدس پر فلسطینیوں کے لیے آواز اٹھائی جاتی ہے لیکن اس سال یوم القدس قدرے مختلف ہے۔ کئی مسلم ریاستوں کی جانب سے صہیونی ریاست کے ساتھ تعلقات قائم کرنے اور ان کے اظہار کے بعد یہ پہلا یوم القدس ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صہیونی معاہدوں کے تحت تعلقات قائم کیے جا رہے ہیں جو نہایت خطرناک اور وسیع تر اہداف پر مبنی ہیں جن کا اولین مقصد القدس اور مسئلہ فلسطین کو فراموش کرانا ہے۔ اس کے نتیجے میں اسرائیل کے ناپاک وجود کو قوت بخشنا ہے۔ اس قسم کے معاہدوں سے مشرق وسطیٰ کے بحران کے اصل ذمے دار اسرائیل کو مضبوط اور مستحکم کرنے کی سازش ناکام بنائی جائے۔ انہوںنے ایرانی رہنما سید علی خامنہ ای کی جانب سے فلسطین کے حقیقی باشندوں، مسلمان، یہودی اور عیسائی کی موجودگی میں ریفرنڈم کی تجویز کو دہرایا اور کہا کہ اسی کے ذریعے فلسطین کے حقیقی باشندوں کو ملک کی تقدیر کے تعین کا حق ہے۔ تمام مسلمان ملکوں اور عالم اسلام کو یوم القدس پر فلسطینیوں کی مکمل حمایت کرنی چاہیے۔