مغربی کنارے میں اسرائیلی دہشت گردی ، فلسطینی شہید

202
مقبوضہ بیت المقدس: قابض صہیونی فوج حی الشیخ جراح میں مظاہرین پر تشدد کررہی ہے‘ چھوٹی تصویر گرفتار مزاحمت کار منتصر شلبی کی ہے

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) غرب اردن کے شمالی شہرنابلس میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا، جس کے بعد فلسطینیوں کی بڑی تعداد احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئی۔ خبررساں اداروں کے مطابق جمعرات کے روز مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے اسرائیلی فوج نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں کم سے کم 4 فلسطینی زخمی ہوگئے۔ اس واقعے کے بعد مقبوضہ بیت المقدس میں الشیخ جراح کے مقام پر بھی جھڑپیں ہوئیں، جس کے نتیجے میں 22فلسطینی زخمی ہوئے۔الشیخ جراح کا علاقہ گزشتہ کچھ ہفتوں سے اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپوں کا مرکز ہے۔ اسرائیل اس علاقے میں موجود فلسطینیوں کو طاقت کے ذریعے وہاں سے نکال باہر کرنا چاہتا ہے، جب کہ فلسطینی اپنے گھروں کو چھوڑنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ نابلس میں 16 سالہ سعید یوسف عودہ کی اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے شہادت کے بعد الشیخ جراح میں بھی فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج میں جھڑپیں شدت اختیار کر گئی ہیں۔ ہلال احمر کا کہنا ہے کہ اسرائیلی پولیس کے ساتھ رات گئے جھڑپوں میں 22 فلسطینی زخمی ہوئے، جب کہ اسرائیلی فوج نے 11 افراد کو گرفتار کیا۔ یہاں کئی برس سے فلسطینیوں اور یہودی آبادی کاروں کے درمیان زمین کے تنازع کے باعث بد امنی میں اضافہ ہوا ہے۔ جھڑپوں اور گرفتاریوں کے باوجود فلسطینیوں کا رات گئے شروع ہونے والا احتجاج علی الصبح تک جاری رہا۔شیخ جراح کے علاقے میں 4 فلسطینی خاندانوں کے گھروں کی زمین پر یہود کے ملکیت سے متعلق دعوے کا قانونی کیس چل رہا ہے۔