کراچی کے 3 بڑے نالوں کیلیے طویل مدتی منصوبہ تیار کرنے کا حکم

217

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ بلدیات کو ہدایت کی ہے کہ وہ 3بڑے نالوں گجر، اورنگی اور محمود آباد کی تمام ڈسٹری بیوٹریز کی بحالی اور تشکیل نو کے لیے طویل مدتی منصوبہ تیار کریں لیکن مختصر مدت میں مناسب صفائی ستھرائی کی جائے۔ ڈسٹری بیوٹریز کی مناسب صفائی آئندہ مون سون کے سیزن سے پہلے شروع کی جانی چاہیے۔یہ بات انہوں نے یہاں وزیراعلیٰ ہاؤس میں صوبائی کوآرڈینیشن اینڈ امپلی مینٹیشن کمیٹی (پی سی آئی سی) کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں صوبائی وزرا ، سعید غنی، ناصر شاہ، مرتضیٰ وہاب، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم، چیف سیکرٹری ممتاز شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم اور دیگر نے شرکت کی۔ ایف ڈبلیو او، ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ اور چیئرمین این ڈی ایم اے اور ایڈیشنل سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی عزیز عقیلی وڈیو لنک کے ذریعے اسلام آباد سے اجلاس میں شامل ہوئے۔وزیراعلیٰ سندھ نے موجودہ گجر اور اورنگی نالوں کو بالترتیب 35 سے 80 فٹ اور 20 سے 40 فٹ تک چوڑا کرنے کا فیصلہ کیا۔متوقع خارج ہونے والے مادہ / بہاؤ کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے نالوں کے بیڈز کی کھدائی شروع کی جائے گی۔نالوں کے ساتھ گٹر کے ٹنلز کو صرف گٹر اور برساتی پانی کو الگ کرنے کے لیے بچھایا جائے گا۔