“کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی تکمیل پاکستان کی جنگ ہے”

787

  کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا ہے کہ حافظ نعیم الرحمن خطبہ جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیرکے بغیر پاکستان نا مکمل ہے ،کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی تکمیل پاکستان کی جنگ ہے۔

جماعت اسلامی کی جانب سے کراچی کے تمام اضلاع کی مختلف مساجد میں بھارتی زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر کی کوٹ بھلوال جیل میں دوران قید شہید ہونے والے تحریک آزادی کشمیر کے رہنما محمد اشرف خان صحرائی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔

حافظ نعیم الرحمن  نے کہا کہ حکمران طبقہ بھارت کے ساتھ خواہ کتنا ہی معذرت خواہانہ اور بزدلانہ رویہ اختیار کرے پاکستانی عوام کشمیری مسلمانوں کے ساتھ ہیں اور ان کی جدوجہد آزادی کی پشتیبانی جاری رکھیں گے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ اہل کشمیر نے آج تک بھارت کا تسلط اور غلامی قبول نہیں کی ،کشمیریوں کا خون اور قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ،مقبوضہ کشمیر بھارت کی غلامی سے ضرور آزادی حاصل کرے گا۔

انہوں نے مزید کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غاصب افواج نے 5اگست 2019سے کرفیو اور لاک ڈاؤن لگایا ہوا ہے، محمد اشرف خان صحرائی شہید نے بھارتی غاصب افواج کے خلاف مزاحمت جدوجہد ،دین حق کے غلبہ کی فکر اور آخر ت کو سنوارنے کی کوششوں میں اپنی زندگی گزاردی ۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ جیل میں بیمار ہوئے تو انہیں علاج کی سہولیات فراہم نہیں کی گئی جس کی باعث جیل میں ہی انتقال کرگئے ،کشمیریوں پر ان کی زندگی تنگ کردی گئی ہے ،آزادی کشمیر کے حریت رہنما محمد اشرف خان صحرائی بھارتی جیل کی قید میں شہید ہوگئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کے نفاذ کی جدوجہد کریں ،قرآن کی تحریک کو ہر جگہ عام کریں ، جہاد کو عام کریں ۔