پنجاب میں اسپورٹس اسکیموں کیلیے 9 ارب روپے کی تجویز

188

لاہور (جسارت نیوز) صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی کی زیرصدارت بدھ کے روز نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میںاسپورٹس ڈپارٹمنٹ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں اگلے مالی سال کیلئے اسپورٹس اسکیموں کا مالیاتی حجم 9 ارب روپے تجویز کیا گیا ہے جس میں موجودہ 77 اسکیموں اور 80 نئی اسکیموں کیلئے فنڈز مختص کرنیکی تجویز شامل ہے، اجلاس میں سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ اسپورٹس پنجاب فواد ہاشم ربانی، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، پراجیکٹ ڈائریکٹر ندیم انور اور ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ رؤف باجوہ و دیگر افسران شریک تھے، صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگلے مالی سال میں 25 نئے تحصیل اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کرنے کی تجویز دی گئی ہے جن میں جھنگ اور چنیوٹ میں اسپورٹس ایرینا بنانے کی تجویز بھی شامل ہے، آئندہ ترقیاتی پروگرام میں لاہور میں یوتھ سینٹر اور ہوسٹل تعمیر کیا جائے گا، سیف گیمز 2023 کیلیے موجودہ اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کی جائیگی اس کے بھی فنڈز مختص کیے ہیں، صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے مزید کہا کہ مالی سال-22 2021 میں نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس اور نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کی آسٹروٹرف تبدیل کرنے کی تجویز شامل کی گئی ہے تاکہ کھلاڑیوں کو جدید اور بہترین سہولیات میسر آسکیں، رکھ چھبیل میں پنجاب اولمپک ولیج، نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں ہاکی ہائی پرفارمنس سینٹر بنانے کی تجویز بھی دی گئی ہے، سافٹ اسپورٹس کے 73 گراؤنڈز تیار کرلیے ،رواں مالی سال جون تک 100 سافٹ گراؤنڈز مکمل کرلیے جائیں گے اس کے علاوہ پنجاب میں ڈویژنل ہیڈکوارٹر سطح پر سوئمنگ پول بنانے اور گوجرہ میں ہاکی کے فروغ کیلیے اسپورٹس ہوسٹل کی تجویز بھی شامل کی گئی ہے۔