این اے 249‘آج دوبارہ گنتی کے عمل کا حصہ بنیں گے‘ سعید غنی

243

کراچی(نمائندہ جسارت)وزیرتعلیم،محنت سندھ و صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا ہے کہ ہم حلقہ این اے 249 میں ہونے والی دوبارہ ووٹوں کی گنتی کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہیں لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت یکم مئی کو آر او کی جانب سے پہلے 9 بجے مفتاح اسماعیل کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد ہونے کے بعد 11 بجے کنسولیڈیشن کا وقت دینے کے باوجود اس کو نہ کیا جانا اور چند گھنٹے بعد اسلام آباد سے دوبارہ گنتی کے احکامات آنا اس کے پس پشت کچھ ضرور ہے،ایسا محسوس ہورہا ہے کہ اسلام آباد سے آر او کو کنسولیڈیشن سے روکا گیا ہے کیونکہ قانون کے مطابق اگر کنسولیڈیشن ہوجائے تو پھر دوبارہ گنتی کا عمل نہیں ہوسکتا ہے،(ن) لیگ کی جانب سے جو الزامات عاید کیے گئے اس حلقے میں پولنگ کے حوالے سے وہ کوئی ٹھوس نہیں ہیں،انہوںنے 167 پولنگ اسٹیشن کے نتائج پر پولنگ ایجنٹس کے دستخط نہ ہونے کا کہا، جس میں سے 117 پر پیپلز پارٹی کو شکست ہوئی ہے، جن 27 پولنگ اسٹیشن کے فارم 45 کو ان کے متعلقہ آر اوز نے واٹس اپ نہیں کیا اس میں بھی 20 پر پیپلز پارٹی کو شکست ہوئی،ہم دوبارہ گنتی کے فیصلے کو کسی عدلیہ میں چیلنج نہیں کریں گے اور ہم 6 مئی کو گنتی کے عمل کا حصہ بنیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے بدھ کے روز سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔