این اے 249میں دوبارہ گنتی کا نتیجہ تسلیم کریں گے ‘ احسن اقبال

411

اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم کوئی این آر او حاصل نہیں کرنا چاہتے اور ہم حکومت سے بات چیت کر کے کسی این آ ر او میں دلچسپی نہیں رکھتے،ہم نے نہ پہلے حکومت سے کبھی کیسز کی بات کی ہے اور نہ آئندہ ہم ان سے بات کریں گے ، انہوں نے جتنے جھوٹے کیسز ہمارے خلاف بنائے ہیں وہ ایک ، ایک کرکے سب عدالت میں ایکسپو ز ہو رہے ہیں، ہماری ریاست کا فرض ہے کہ وہ سب کو ایک نگاہ سے دیکھے ، ریاست کے لیے کوئی پسندیدہ یا ناپسندیدہ نہیں ہونا چاہیے ، ریاست ماں کی طرح ہے اس کے لیے سب سیاسی جماعتیں اور سب سیاسی فریق ایک جیسے ہونے چاہییں،اگر یہ کام ہو جائے گا تو پھر کسی تبدیلی کی ضرورت نہیں پڑے گی اور آپ موجودہ قوانین کے تحت ہی بہترین صاف اور شفاف انتخابات کراسکتے ہیں۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ( آج) جمعرات کو این اے249 میں دوبارہ گنتی کا عمل شروع ہو گا اور جب یہ گنتی مکمل ہو گی تو پھر آئندہ لائحہ عمل کے بارے میں سوچیں گے، این اے 249میں دوبارہ گنتی کا جو بھی نتیجہ آئے گا اس کو ہم تسلیم کر لیں گے، حلقہ میں دوبارہ پولنگ کرانے کا مطالبہ کرنے کے حوالے سے (ن) لیگ نے ابھی کوئی فیصلہ نہیںکیا۔