سبزی منڈی کو دو حصوں میں منتقل کیا جائے،شرجیل میمن

401

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)رکن صوبائی اسمبلی شرجیل انعام میمن نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر سبزی منڈی کی دو حصوں میں منتقلی کیلیے اقدامات کریں کیوں کہ ایک سبزی منڈی میں 30 ہزار سے زائد افراد خریداری کیلیے آتے ہیں جو کہ وائرس کے پھیلائو کا بڑا سبب بن سکتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت سے عید کی چھٹیوں کے دوران مکمل لاک ڈاؤن کی سفارش کی جائے گی، ایم پی اے نے متعلقہ افسران کو مزید ہدایت کی کہ وہ آموں کی کٹائی کے حوالے سے بھی موثر حکمت عملی تشکیل دیں تاکہ وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔ انہوں نے ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ ڈویژن کے دیگر اضلاع میں بھی کووڈ کے حوالے سے ضلعی ہسپتالوں میں وارڈز کو فعال کریں تاکہ حیدرآباد کی سول ہسپتال سے بوجھ کو کم کیا جا سکے۔ اجلاس میں ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ، وائس چانسلر لمس ڈاکٹر بیکھارام، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو، ایس ایس پی حیدرآباد عبدالسلام شیخ، ڈی ایچ او حیدرآباد ڈاکٹر لالا جعفر، پروفیسر اکرام اجن اور متعلقہ افسران شریک تھے۔