حیدرآباد:لاک ڈاؤن مذاق بن گیا ،بازاروں میں رش ،مزید4 جاں بحق

353

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) شہریوںنے لاک ڈائون کو مذاق بنادیا، ایس او پیز کی سختیوں سے محض غریب ہی متاثر ہورہے ہیں،24گھنٹے کے دوران 227نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے جبکہ مزید4افراد جاںبحق ہوگئے،مثبت کیسز کی شرح19سے کم ہوکر13فیصد پر آگئی ۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں کورونا کے وار جاری ، 24گھنٹے میں 227نئے کیسز ریکارڈ جبکہ 4افراد جاںبحق ہوگئے۔تاہم کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 19سے کم ہوکر 13فیصدہوگئی ہے جبکہ شہر میں میں کورونا ایس او پیز اور اسمارٹ لاک ڈاؤن مذاق بن کر رہ گیا،صرف غریب کا روز گار مارا جارہاہے، روزانہ اجرت پر کام کرنے والے بری طرح متاثرہورہا ہے۔ حیدرآباد میں19علاقوں میں گزشتہ روز سے اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم اس پر عملدرآمداکثریت علاقوں میں نظر نہیں آیا ۔ دادن شاہ، کھوکھر محلہ، گاڑی کھاتہ ، کھاتہ چوک،لطیف آباد نمبر10سمیت دیگرعلاقوں میں نہ صرف آزادنہ طور پر لوگوں کی آمد ورفت جاری ہے کھوکھرمحلہ سمیت دیگر اطراف کے علاقوں میں بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن کیاگیا ہے، جبکہ دادن شاہ سے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے باوجود گذشتہ روز یوم علی ؓ کے سلسلے میں ایک بڑا جلوس نکالا گیا جبکہ دوسری جانب متعصبانہ فیصلے کے باعث شہر کی اہم مارکیٹیں دو پہر دو بجے بند کرائی جارہی ہے جبکہ دیگر بازارشام چھ بجے تک اور رات گئے تک ہوٹلیں،فاسٹ فوڈ سمیت دیگر اشیاء کھلے عام دستیاب ہیں جبکہ کینٹ قبرستان کے سامنے پارک میں میلے کا سماں ہوتا ہے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے چند ایک مقام پر چھاپے ماکر فوٹو سیشن کرایاجارہا ہے بغیر کسی منصوبہ بندی کے کورونا کے خلاف ہونیو الی اس جنگ میں کورونا طاقتور جبکہ عام افراد بغیر کورونا کے ہی فاقہ کشی سے مررہے ہیں ۔