حیدرآباد،ایس او پیز کی خلاف ورزی پر موبائل مارکیٹ سیل

185

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)سٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے عملے نے این سی اوسی کے جاری کردہ کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر ضلع حیدرآباد کی سب سے بڑی موبائل مارکیٹ کو سیل کردیا،کارروائی کے دوران دکانداران کی مزاحمت کی کوشش پولیس نے ناکام بنادی،350سے زائد دکانوں پر مشتمل موبائل مارکیٹ میں سینکڑوں افراد کا ہجوم کی صورت جمع رہنا معمول بناہواتھا۔تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر سٹی مطاہر امین وٹو کی سرکردگی میں پولیس کی بھاری نے تھانہ کینٹ کی حدود میں واقع ضلع کی سب سے بڑی چاندنی موبائل مارکیٹ کوسیل کردیا،ضلعی انتظامیہ کی بروقت کارروائی کے دوران سینکڑوں افراد کے ہجوم مارکیٹ میں جمع تھے اوردکانداروں اورخریداروں کی جانب سے ماسک نہیں لگائے تھے اورسماجی فاصلے کی ہدایت پر عملدرآمد نہیں کیاجارہاتھا،کارروائی کے دوران موبائل مارکیٹ کے دکانداران اوریونین عہدیداران نے اسسٹنٹ کمشنر سے مہلت حاصل کرنے کی کوشش کی ،انکار پر بعض دکانداروں نے مزاحمت کی کوشش کی جسے موقع پر موجود پولیس کی بھاری نفری نے ناکام بنادیا،ضلعی انتظامیہ کے عملے نے مارکیٹ کے تمام داخلی وخارجی راستوں پر تالے لگا انہیں سیل کرکے سرکاری احکامات چسپاں کردیے۔علاوہ ازیں اسسٹنٹ کمشنرسٹی نے تعلقہ سٹی میں کھوکھرمحلہ،حیدرچوک،گاڑی کھاتہ سمیت اطراف کے علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلیے دورہ کیا،اورعلاقہ مکینوں کو گھروں میں رہنے اورایس اوپیز پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی۔