بھارتی فوج کی چارواہ سیکٹر میںبلا اشتعال فائرنگ قابل مذمت ہے

119

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے چارواہ سیکٹر میں پاکستانی حدود کی خلاف ورزی اور بلا اشتعال فائرنگ قابل مذمت ہے۔ بھارتی فوج نے ورکنگ بائونڈری کراس کرکے جارحانہ رویہ کا ارتکاب کیا ہے۔ مودی حکومت کورونا سے نمٹنے کے بجائے پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔ جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت اس وقت کووہنا کا بد ترین شکار ہے۔ سیکڑوں ہزاروں افراد روزانہ کی بنیاد پر ہلاک اور لاکھوں کی تعداد میں کیسز سامنے آرہے ہیں۔ عالمی دنیا بھارت کے ساتھ سفری روابط ختم کرچکی ہے۔ بھارت میں صورت حال دن بدن خراب سے خراب تر ہوتی چلی جارہی ہے۔ چارواہ سیکٹر میں بھارتی فوج کی جانب سے حالات کشیدہ کرنا درحقیقت بھارتی عوام کا غصہ ٹھنڈا کرنے اور توجہ ہٹانے کی مذموم کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اس گھنائونی حرکت پر محض رسمی احتجاج کرکے بری الذمہ نہیں ہوسکتا۔ اب وقت آگیا ہے کہ بھارت کو اسی کی زبان میں جواب دیا جائے۔ انڈیا لاتوں کا بھوت ہے، باتوں سے نہیں سمجھے گا۔ ایک طرف بیک ڈور مذاکرات کا کھیل رچایا جارہا ہے تو دوسری طرف ورکنگ بائونڈری پر پر تشدد کارروائیاں بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ جب تک مودی سرکار 5اگست کے اقدامات واپس نہیں لیتی اس وقت تک بھارت کے ساتھ مذاکرات سود مند ثابت نہیں ہوسکتے۔ بھارت ظلم و بربریت کی انتہا کرچکا ہے۔ کشمیر میں بسنے والے 80لاکھ مسلمانوں سے لے کر بھارت میں آباد 25کروڑ مسلمانوں تک مظالم کی لمبی داستانیں ملتی ہیں۔