جیکب آباد،کروڑوں کے بجٹ کے باوجود جمس اسپتال میں سہولیات کا فقدان

176

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آباد، کروڑوں روپے بجٹ کے باوجود جمس اسپتال میں سہولیات کا فقدان، مریض دربدر، سماجی رہنما کے بھانجے کو علاج کی سہولت نہ ملنے کے باعث کراچی منتقل کردیا گیا، ایمرجنسی میں ایمبولینس بھی فراہم نہیں کی گئی، سماجی تنظیموں کا احتجاج، ڈائریکٹر جمس کو ہٹانے کا مطالبہ۔ جیکب آباد کی جمس اسپتال میں مریضوں کو علاج کی سہولیات کا فقدان ہے جس کی وجہ سے عوام سخت پریشان ہیں، یو ایس ایڈکے تعاون سے بننے والے اسپتال کا سالانہ بجٹ 66 کروڑ روپے ہے لیکن اس کے باوجود مریضوں کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم نہیں کی جارہیں جس کی وجہ سے مریض دربدر ہوگئے۔ جیکب آباد کے سماجی رہنما ایڈووکیٹ عبدالحئی سومرو کے بھانجے عبدالخالق سومرو کو ایمرجنسی میں جمس اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں علاج کی بہتر سہولت نہ ملنے کی وجہ سے کراچی کے اسپتال منتقل کیا گیا۔ سماجی رہنما عبدالحئی سومرو نے صحافیوں کو بتایا کہ اپنے بھانجے عبدالخالق سومرو کو تشویشناک حالت میں جمس اسپتال منتقل کیا لیکن وہاں کوئی سہولت میسر نہیں تھی، اس لیے مجبوراً کراچی جانا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ مریض کو ایمرجنسی میں کراچی منتقل کرنے کے لیے جمس انتظامیہ سے ایمبولینس طلب کی لیکن انہوں نے دینے سے انکار کردیا جس کے بعد مجبوراً پرائیویٹ ایمبولینس کے ذریعے مریض کو کراچی روانہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کروڑوں روپے کے بجٹ کے باوجود عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم نہیں کی جارہیں جوکہ عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔ دوسری جانب ہیومن رائٹس آرگنائزیشن کے رہنما حماد اللہ انصاری نے کہا کہ جمس اسپتال کو ڈائریکٹر نے تباہ کردیا ہے، سفارش کی بنیاد پر لوگوں کا علاج کیا جاتا ہے، اسپتال کے فنڈز میں کروڑوں روپے کی کرپشن کی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمس کے نااہل ڈائریکٹر کو فی لفور ہٹا کر نیا ڈائریکٹر تعینات کرکے جمس کو تباہی سے بچا کر عوام کے لیے فائدہ مند بنایا جائے۔