این اے 249ضمنی الیکشن‘ ووٹوں کی دوبارہ گنتی آج سے ہوگی

174

کراچی (اسٹاف رپورٹر) الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حکم پر قومی اسمبلی کی نشست این اے 249 کے ضمنی انتخاب میں کاسٹ کیے گئے ووٹ کی دوبارہ گنتی آج سے شروع ہوگی، گنتی میں 4 سے 5 دن یا اس سے بھی زیادہ وقت لگ سکتا ہے، ضمنی انتخاب میں حصہ لینے والے 30 امیدواروں کو بھی بلالیا گیا۔مسلم لیگ (ن) کے امیدوار مفتاح اسماعیل کی درخواست پرجی سی ٹی کالج سائٹ میں آج صبح 9 بجے تمام پولنگ اسٹیشنوں میں ڈالے گئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل شروع ہو گا، گنتی ریٹرننگ افسر سجاد خٹک کی زیر نگرانی ہوگی‘ اس مقصد کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جس میں ڈسڑکٹ ریٹرننگ آفیسر سید ندیم حیدر، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر غربی حامد حسین اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر وسطی محمد یوسف شامل ہونگے۔ اگر ایک دن میں 50 پولنگ اسٹیشن میں کاسٹ کیے گئے ووٹ کا جائزہ لیا جائے تب بھی مکمل گنتی کے لیے کم از کم 5 دن کا وقت درکار ہوگا پہلے دن کی گنتی کے بعد دوبارہ گنتی کے دورانیے کا درست اندازہ لگایا جاسکے گا، ہفتہ اور اتوار کو بھی یہ عمل جاری رکھا جائے گا۔