ترقی پذیر ممالک کو ویکسین فراہمی تک نقصانات سے بحالی مشکل ہو گی،منیر اکرم

205

اقوام متحدہ (اے پی پی) اقوام متحدہ کی اقتصادی و سماجی کونسل (ای سی او ایس او سی) کے صدر و اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ ترقی پذیر ممالک کو ویکسین کی فوری اور مساوی فراہمی تک بحالی مشکل ہو گی ۔ انہوں نے گزشتہ روز ای سی او ایس او سی کے زیراہتمام پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے سائنس ٹیکنالوجی اور جدت پسندی پر 2روزہ ورچوئل ملٹی اسٹیک ہولڈر فورم میں اپنے خطاب میں کہا کہ انسانی بقا اور اس کی ترقی کے لیے سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت پسندی و اختراع کا کردار بہت اہم ہے اور یہ صرف سائنس ، ٹیکنالوجی اور جدت پسندی ہی ہے جس کے باعث ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے ویکسین کی تیاری اور کاروباری سرگرمیوں کی بحالی کی صورت میں امید کی کرن نظر آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستوں نے کورونا وائرس کی وبا کے تباہ کن اثرات سے نمٹنے کے لیے ورکنگ ، لرننگ اور فراہمی کی خدمات اور سماجی روابط برقرار رکھنے کے نئے طریقوں کے ذریعے سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت پسندی سے فائدہ اٹھایا ہے ۔ اجلاس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش کی اسسٹنٹ نے سیکرٹری جنرل کا بیان اقوام متحدہ کے محکمہ اقتصادی و سماجی امور میں پہنچایا۔