کوٹری تھرمل پاور ہائوس سے آکسیجن حاصل کرنے کا کامیاب تجربہ

195

کوٹری (بیورورپورٹ) تھر مل پاور ہائوس کے چار پاور پلانٹ سے آکسیجن حاصل کرنے کا کامیاب تجربہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر جامشورو فریدالدین مصطفی نے پاور پلانٹ سے حاصل آکسیجن کو زیر استعمال لانے کے لیے محکمہ صحت جامشورو کو معیار کی جانچ پڑتال کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق تھر مل پاور ہاؤس جامشورو کے چار پلانٹ سے خارج ہونے والی گیس کو زیر استعمال لانے کے لیے انجینئرز نے آکسیجن حاصل کرنے کا کامیاب تجربہ کرلیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر جامشورو نے چیف ایگزیکٹو آفیسر تھر مل پاور ہائوس تنویر احمد جعفری کے ہمراہ پلانٹ کا دورہ کیا اور آکسیجن پلانٹ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈی سی جامشورو کو بریفنگ دیتے ہوئے سی او تھر مل پاور ہاؤس نے بتایا کہ پانی کے فارمولے کو توڑ کر آکسیجن بنانے کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ پلانٹ کو مکمل طور پر چلاکر یومیہ 60 کے قریب آکسیجن سلنڈر بھرے جا سکتے ہیں۔ ڈی سی جامشورو نے افسران کو کہا کہ مذکورہ عمل سے فری آف کاسٹ آکسیجن تمام اسپتالوں کو فراہم کی جا سکتی ہے اور کورونا کے پیش نظر مریضوں کو آکسیجن کی کمی بھی دور کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ فوری تھر مل پاور ہائوس سے ملنے والی آکسیجن کی جانچ پڑتال تھرڈ پارٹی سے کرائی جائے اور محکمہ صحت جامشورو تمام تر کام کی نگرانی کرے گا۔ انہوں نے امکان ظاہر کیا کہ تھر مل کی طرز پر لاکھڑا اور کوٹری گیس ٹربائین پاور ہائوس کے بھی ہائیڈرو پلانٹ سے آکسیجن حاصل کی جا سکتی ہے جس سے سندھ بھر کے اسپتالوں میں مفت آکسیجن فراہم کی جاسکتی ہے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کوٹری غلام رسول پنہور، مختار کار کوٹری اعجاز چانڈیو، ڈی ایچ او جامشورو مرتضیٰ کھوسو سمیت پروجیکٹ ڈائریکٹر مہیش کمار داوانی اور ٹیکینکل ڈائریکٹر اوم پرکاش بھی موجود تھے۔