ٹی ایل پی پر پابندی کیخلاف نظرثانی ،کمیٹی کیلئے 3 نام تجویز ،سمری وزیراعظم کو ارسال

231

اسلام آباد(صباح نیوز)کالعدم تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کی نظرثانی درخواست کا جائزہ لینے کے لیے وزارت داخلہ نے کمیٹی کے قیام کی سمری وزیر اعظم کو ارسال کردی۔کالعدم تحریک لبیک کی نظرثانی درخواست کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزارت داخلہ کی کمیٹی کی تشکیل کی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائے گی۔ کمیٹی میں ایڈیشنل سیکرٹری ایوب چودھری، جوائنٹ سیکرٹری محمد رمضان شامل ہیں جب کہ وزارت داخلہ نے سمری میں کمیٹی کے لیے 3 نام تجویز کر دیے ہیں،جس میں وزارت قانون کے جوائنٹ سیکرٹری خرم شہزاد مغل بھی شامل ہیں۔کمیٹی میں وزارت قانون و داخلہ کے افسران کے ہمراہ خفیہ اداروں کے نمائندے بھی شامل ہیں۔ کمیٹی کابینہ کی منظوری کے بعد ٹی ایل پی کی اپیل پر نظر ثانی کا آغاز کرے گی۔کالعدم تحریک لبیک پر پابندی ہٹانے یا قائم رکھنے کا فیصلہ90روز میں ہو گا۔ کمیٹی کا فیصلہ کابینہ کو جائے گا جو60روز میں فیصلہ کرے گی اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد کمیٹی30روز میں فیصلہ کرے گی۔واضح رہے کہ تحریک لبیک نے وزارت داخلہ میں درخواست جمع کرا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تحریک لبیک پر سے پابندی ختم کی جائے۔ تحریک لبیک سیاسی جماعت ہے اور الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہے،2018ء کے الیکشن میں بھی حصہ لیا اور ڈسکہ ضمنی الیکشن میں تحریک لبیک کا امیدوار تیسرے نمبر پر آیا، تحریک لبیک پر پابندی کا فیصلہ غلط ہے ،پابندی ختم کی جائے۔