مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال سے بڑا المیہ جنم لے سکتا ہے،چیئرمین کشمیر کمیٹی

218

اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں صورتحال سنگین ہے کوئی بڑا المیہ جنم لے سکتا ہے ، عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردارادا کرے۔ اسلام آباد میں اراکین کشمیر کمیٹی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہورہی ہیں ۔عالمی برادری اور انسانی حقوق کی علمبردارتنظیموں سے کشمیریوں کے حقوق کا مطالبہ دھراتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں ۔ کشمیری قیادت اور نوجوان جیلوں
میں قید ہیں ۔ کورونا وبا سے مقبوضہ کشمیر کے لوگ بھی متاثر ہیں مگر بھارت حکومت انہیں کوئی طبی سہولت نہیں دے رہی ہمارا مطالبہ ہے کہ بھارتی حکومت کشمیریوں کو طبی سہولیات فراہم کرے ۔ بھارت نے شملہ معاہدے کو سبوتاژ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کاز پر پوری قوم اور سیاسی جماعتیں متحد ہیں جبکہ رکن کشمیر کمیٹی نثارچیمہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم سے پوری دنیا آگاہ ہے۔ عالمی برادری کو آگے بڑھ کر اس مسئلے کوترجیحی بنیادوں پر حل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے لیے جذبہ اوردرد رکھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پچھلے 70 سال سے بھارت مقبوضہ کشمیر میں درندگی کا مظاہرہ کررہاہے جس سے پوری دنیا واقف ہے کوروناوباء سے مقبوضہ کشمیر میں ڈبل لاک ڈائون ہے۔ضرورت اس بات کی ہے کہ عالمی برادری آگے بڑھ کر کشمیریوں کی مدد کرے انٹرنیشنل میڈیکل کوریڈور کا قیام عمل میں لایا جائے اور عالمی برادری کا ایک نمائندہ وفد مقبوضہ کشمیر جاکر دیکھے کہ زمینی حقائق کیا ہیں۔ ہم مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو یقین دلاتے ہیں کہ پوری پاکستانی قوم اپنے تمام سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اورآپ کی آزادی تک کھڑے رہیں گے۔