وزیر اعظم کے اسمبلیاں توڑنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،فواد چودھری

113

اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ اس بات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ وزیر اعظم عمران خان اسمبلیاں توڑ دیں یا پی ٹی آئی حکومت سے نکل جائے۔ اسد عمر کی بات کا غلط مطلب لیا گیا، وزیر اعظم عمران خان کسی سے بلیک میل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ ختم نبوت قانون میںکوئی بھی تبدیلی ممکن ہی نہیں اور ہمارے لیے نبیؐ کی حرمت سے بڑھ کر کوئی اور چیز ہے ہی نہیں ۔ نجی ٹی وی سے انٹرویو میں فواد چودھری نے کہاکہ پاکستان کے حوالے سے یورپین یونین نے قرارداد میں اپنی رائے کا اظہار کیا ہے اور اسی طرح یورپین یونین نے بھارت کے حوالے سے بھی قرارداد پاس کی ہے جس میں بھارت میں انسانی حقوق کے حوالے سے بات کی گئی ۔ پاکستان کے حوالے سے پاس کردہ قرارداد میں یورپین یونین نے ناموس رسالت کے قانون کے حوالے سے بات کی ہے، یہ فیصلہ پاکستان کے بارے میں یورپین یونین نہیں کرسکتی کہ ہمارے قانون میں کیا چیز ہمارے لیے جرم ہے ، یہ فیصلہ تو ہم کریں گے کہ ہمیں کس چیز سے زیادہ تکلیف ہے۔ یورپین یونین یا کسی اور پارلیمنٹ کی قرارداد سے کوئی فرق نہیں پڑتا،پاکستان کے اندر جو کارروائیاں ہوئی ہیں وہ ہماری داخلی پالیسی کے تحت ہوئی ہیں اور اس کا بیرونی کسی ڈیل سے کوئی تعلق نہیں۔ ہم نہ یورپین یونین کے کہنے پر کسی قانون کو ڈھائیں گے اور نہ پروسیجر تبدیل کریں گے ۔