شام میں روسی ائربیس کے قریب اسرائیلی حملے

327
شام: صوبہ لاذقیہ میں اسرائیلی میزائلوں سے نشانہ بننے والا گودام تباہ ہوگیا ہے

دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیل کی جانب سے شام کے صوبے لاذقیہ پر بم باری کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 6زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب اسدی فوج کی جانب سے جاری بیان میں صہیونی حملے کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ بیان میں بتایا گیا کہ حملے میں روسی فضائی اڈے حمیمیم اور بشار الاسد کے آبائی علاقے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی، تاہم فضائی دفاعی نظام نے کئی اسرائیلی میزائلوں کو فضا ہی میں مار گرایا۔ حملے میں پلاسٹک کی ایک فیکٹری تباہ ہو گئی تاہم بڑے پیمانے پر جانی نقصان نہیں ہوا۔ شامی مبصر برائے انسانی حقوق کے مطابق کارروائی کے دوران ملک کے وسطی علاقوں میں قائم عسکری ٹھکانوں پر حملہ کیا گیا۔ کارروائی میں الاذقیہ اور حماہ کے علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے کارروائی پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ واضح رہے کہ حالیہ چند ماہ کے دوران میں اسرائیل نے شام کے اندر ایرانی اہداف کے خلاف حملوں کی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ ان حملوں میں ہتھیاروں کے تحقیقی مراکز، گولہ بارود کے گوداموں اور عسکری قافلوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔