افغانستان میں شدید بارش اور سیلاب‘ 39 افراد جاں بحق

258
افغانستان: سیلاب کے بعد شہری اپنی مدد آپ کے تحت علاقوں سے کیچڑ صاف کررہے ہیں

کابل (انٹرنیشنل ڈیسک) افغانستان کے مختلف صوبوں میں شدید بارش کے بعد سیلاب کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 39 افراد ہلاک ہو گئے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق شدید بارش سے دور دراز علاقوں میں سڑکیں بہ گئیں اور شہریوں کو مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ صوبائی گورنر کے ترجمان جیلانی فرہاد نے بتایا کہ صوبہ ہرات میں طاقت ور سیلاب کے نتیجے میں 24 افراد ہلاک ہوئے۔ کئی اضلاع میں ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصل تباہ ہو گئی اور مویشی ہلاک ہوگئے۔ سب سے زیادہ متاثر ضلع ادرسکن ہوا جہاں 4بچوں اور ایک خاتون سمیت 12 افراد ہلاک ہو ئے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی اراضی زیر آب آنے سے باغات تباہ ہو گئے ۔ صوبائی انتظامیہ نے متاثرہ اضلاع میں صورت حال پر قابو پانے اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کے لیے ایمرجنسی کمیٹی قائم کردی ہے۔ دوسری جانب مغربی صوبے غور کے گورنر عبدالطاہر فائز زادہ نے بتایا کہ سیلاب کی زد میں آ کر 6 بچوں سمیت 10 افراد ہلاک ہو گئے۔ سیلاب سے غور کے 163 مکانوں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا، جب کہ 910 افراد نقل مکانی پر مجبور ہو گئے۔ افغانستان کی وزارت نیشنل ڈیزاسٹر کے ترجمان تمیم عاظمی نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ شمالی صوبے ثمن گن میں 10 گاڑیاں سیلاب میں پھنس گئیں۔