اشرف صحرائی کی شہادت منصوبہ حراستی قتل ہے،حسین محنتی

259

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیرو سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے تحریک حریت کشمیر کے سربراہ قائد تحریک آزادی کشمیر سیدعلی گیلانی کے دیرینہ ساتھی ،تحریک آزادی کشمیرکے سرخیل اشرف صحرائی کی بھارتی قیدمیں شہادت پردلی دکھ وافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ منصوبہ بندحراستی قتل ہے،اس صورتحال سے بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کس طرح بھارتی جیلوں میں کشمیریوں کیساتھ بدترین سلوک کیاجارہاہے۔ اس تمام ترصورتحال پرانسانی حقوق کے عالمی اداروں سمیت حکومت پاکستان کے دفترخارجہ کی خاموشی افسوس ناک ہے۔انہوں نے ایک بیان میں کہاکہ بھارت کشمیر میںکرفیواور اپنے تمام تر انسانیت سوز مظالم کے باوجود کشمیری عوام کے دلوں سے جذبہ حریت ،جہاد اورشوق شہادت ختم نہیں کرا سکا ہے۔ان شاء اللہ کشمیری عوام کی جدوجہد اورشہداء کی قربانیاں ضرورایک نہ ایک دن رنگ لائیں گے ،ظلم وظالموں کا خاتمہ اوروادی کشمیرپر آزادی کاسورج طلوع ہوکر رہے گا۔صوبائی امیر نے اشرف صحرائی کی وفات پرکشمیری قیادت اورلواحقین سے دلی اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہاکہ پوری پاکستانی قوم ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے کیونکہ کشمیری عوم نہ صرف اپنی سرزمین کی آزادی بلکہ تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی اشرف صحرائی کی شہادت قبول ،لواحقین سمیت تمام کشمیریوں کو صبرجمیل عطافرمائے۔