کورونا وائرس سے مزید 119 اموات ،پنجاب پختونخواہ آزاد کشمیر میں 8 مئی سے مکمل لاک ڈائون سے کا فیصلہ

142

کراچی/ لاہور/ اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر/ خبر ایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میںکورونا وائرس سے مزید119اموات ریکارڈ ہوئیں‘ پنجاب ، خیبر پختونخوا اورآزاد کشمیر حکومت نے 8 مئی سے مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا‘موجودہ مریضوںکی تعداد84480 ہوگئی‘4113 افراد میں مزید وائرس کی تشخیص ہوئی‘ سوات میں مثبت کیسزکی شرح50 فیصد ریکارڈ کی گئی‘ ملک بھر مزید 2 لاکھ سے زاید افراد کو ویکسین لگائی گئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 37 ہزار 587 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جس کے بعد مجموعی ٹیسٹوں کی تعداد 11,965,682 ہوگئی ہے۔ملک بھر میں مزید 4 ہزار 113 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس طرح مجموعی کیسزکی تعداد 841,636 ہوگئی ہے‘ موجودہ مریضوں کی تعداد 84 ہزار 480 ہے۔ جب کہ 5 ہزار سے زاید مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ملک بھر میں کورونا سے مزید 119 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 18ہزار 429 ہوگئی ہیں۔ کورونا سے ایک دن میں5 ہزار 665 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 738,727 ہوگئی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کورونا وائرس کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں 4 مریض انتقال کرگئے جبکہ 1038نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور331 افراد صحتیاب ہوئے ہیں ‘ اس وقت 17270 مریض زیر علاج ہیں‘ 616 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جن میں سے 55 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ 1038 نئے کیسز میں سے 526 کا تعلق کراچی سے ہے۔ این سی او سی نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر 2 لاکھ 5 افراد کو ویکسین لگائی گئی‘ اب تک انسداد کورونا ویکسین کی 29 لاکھ 67 ہزار 870 خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔ محکمہ صحت خیبر پختونخوا کی رپورٹ کے مطابق صوبے میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7 فیصد ہے، کورونا کیسز کی سب سے زیادہ شرح سوات میں 50 فی صد ہے جب کہ ٹانک میں 43 فیصد اور مردان میں 21 فیصد ہے۔ حکومت پنجاب نے 8 مئی سے صوبے میں مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے جب کہ لوگوں کی نقل وحمل محدود کرنے کے لیے ہر قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ اورسیاحتی مقا مات بند رہیں گے۔ چیف سیکرٹری پنجاب کا کہنا ہے کہ8 مئی سے16 مئی تک مکمل لاک ڈائون رہے گا، عوام احتیاط کریں۔ لاک ڈاؤن کا فیصلہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا کہ عید کی چھٹیوں کے دوران پارکس، سیاحتی مقامات کو مکمل بند رکھا جائے گا‘ شہری چھٹیوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ عوام احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں‘وبا پر قابو پانے کے لیے اگلے 15 سے 20 دن نہایت اہم ہیں‘ شہرکے داخلی اور خارجی راستوں پر چیک پوائنٹس قائم کی جائیں گی۔ دوسری جانب لاہور کے تاجروں نے 8 مئی سے مکمل لاک ڈاؤن کی مخالفت کردی ہے۔ لاہور ایوان صنعت و تجارت کے صدر میاں طارق مصباح نے اس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن پورے لاہور میں کرنے کے بجائے صرف مخصوص علاقوں میں ہی لگایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ تاجر اور صنعتکار حکومت کے اس فیصلہ کونہیں مانتے‘ کاروباری لوگوں نے عید کے دنوں میں ہی کمانا ہوتا ہے لیکن حکومت نے لاک ڈائون لگا دیا ہے‘حکومت کاروبار بند کرانے کے بجائے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔