کورونا ویکسین کی دوسری خوراک، سعودی حکومت کی اہم وضاحت

390

سعودی حکومت نے سوشل میڈیا پر زیرگردش کورونا ویکسین کی دوسری خوراک سے متعلق افواہوں ‏پر وضاحت کردی۔

وزارت صحت نے ویکسین کے مضر اثرات کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی گمراہ ‏کن خبریں قابل تشویش ہیں۔

حکام نے یقین دلایا ہے کہ دوسری خوراک کا عمل معطل کیے جانے کی وجہ سائیڈ ایفکٹ نہیں ‏ہیں دراصل عالمی سطح پر ویکسین کی عدم دستیابی کے باعث عارضی طور پر دوسری خوراک نہیں ‏دی جارہی۔

وزارت صحت کے حکام نے کہا کہ عالمی سطح پر ویکسین دستیابی کے معاملے میں التوا کا سامنا ‏ہے اور جیسے ہی ویکسین دستیاب ہوگی تو دوسری خوراک کا شیڈول جاری کر دیا جائے گا۔

سعودی عرب نے کورونا ویکسی نیشن کے عمل کو تیز کرنے اور بڑے پیمانے تک لوگوں کو مہیا ‏‏کرنے کے لیے دوسری خوراک کی طے شدہ تاریخیں ملتوی کر دی تھیں۔

وزارت صحت نے اعلان کیا تھا کہ مملکت میں دوسری خوراک کے لیے مقررہ کی گئی تمام تاریخیں ‏‏فی الحال ملتوی کی جارہی ہیں اور اس حوالے سے نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

مملکت میں وسیع پیمانے تک لوگوں کو کورونا ویکسین کی پہلی خوراک مہیا کرنے کی غرض سے ‏‏دوسری خوراک فراہم کرنے کا عمل عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔

‏ وزارت صحت نے اس فیصلے کے حوالے سے کہا کہ  ویکسین تیار کرنے والی کمپنیاں ویکسین کی ‏‏خوراکیں مقررہ تاریخوں پر مطلوبہ مقدار میں فراہم نہیں کر رہی ہیں۔ کمپنیوں پر دباؤ بڑھا ہوا ‏‏ہے۔

سعودی عرب میں گزشتہ سال سے شروع ہونے والی ویکسینیشن مہم کے دوران اب تک 95 لاکھ ‏‏سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔

وزارت صحت نے ویکسینیشن سے متعلق اعداد و شمار جاری کیے ہیں جس کے مطابق مملکت کے ‏‏تمام رینجنز کے مراکز میں اب تک 95 لاکھ 57 ہزار 948 افراد کی ویکسینیشن کی گئی ہے۔

مملکت میں ویکسینیشن کا عمل تیز ہوگیا ہے اور صرف ایک دن میں ایک لاکھ 35 ہزار افراد نے ‏‏ویکسین کے لیے رجسٹریشن کروائی ہے۔

لوگوں کی سہولت کے لیے توکلنا اور صحتی ایپ پر آن لائن ویکسین رجسٹریشن کی جارہی اور ‏‏سرکاری سطح پر مفت ویکسین فراہم کا عمل جاری ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں 18 دسمبر 2020 کو ویکسینیشن مہم کا آغاز ہوا تھا اور مرحلہ وار ‏‏اسے مملکت بھر میں پھیلایا گیا۔

مختلف ریجنز میں ویکسینیشن مراکز کھولے گئے جن کی تعداد میں بتدریج اضافہ کیا گیا اور ‏‏وزارت صحت کی رہنمائی میں ان سینٹرز پر ویکسین مہیا کی گئی۔