اشرف صحرائی نے پوری زندگی تحریک آزادی کیلئے وقف کی، سید صلاح الدین

773

مظفر آباد: حزب المجاہدین کے سربراہ اور متحدہ جہاد کو نسل کے چیئرمین سید صلاح الدین کا کہنا ہے کہ  قائد تحریک آزادی جموں وکشمیرسید علی گیلانی کے دست راست محمد اشرف صحرائی تحریک اسلامی اور تحریک آزادی کے صف اول کے قائد ین میں شامل تھے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سید صلاح الدین نے  محمد اشرف کی وفات پرگہر ے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے پوری زندگی غلبہ اسلام اور تحریک آزادی کی کا میابی کیلئے وقف کی ہوئی تھی، قابض بھارتی فوج کی حراست ہی میں اللہ کے حضور پیش ہوئے۔

متحدہ جہاد کو نسل کے چیئرمین  کا کہنا تھا کہ تحریک حریت کے چیئرمین اشرف صحرائی تحریک اسلامی اور تحریک آزادی کشمیر کے ممتاز اور صف اول کے قائد تھے،زندگی کا بیشتر حصہ تعذیب خانوں اور جیلوں میں گذارا لیکن اپنے نظریات پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔

حزب المجاہدین کے سربراہ نے مزید کہا کہ کشمیر کی آزادی کی تحریک میں ان کے ایک فرزند جنید صحرائی گذشتہ سال 19مئی2020 کو شہادت سے سرفراز ہوئے، جس کے بعدان کا پورا خاندان عتاب کا شکار رہا لیکن یہ سب کچھ وہ عزیمت کا پہاڑ بن کر جھیلتے رہے اور ظالم حکمرانوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر انہیں یہ احساس دلانے میں کا میاب ہوگئے کہ زندگی کے آخری سانس تک اپنی خودی پر وہ آنچ نہیں آنے دیں گے۔

سید صلاح الدین کا مزید کہنا تھا کہ محمد اشرف صحرائی  کے علالت کے باوجود بھارتی سرکار نے انہیں گذشتہ سال12جولائی کو ادھمپور جیل میں مقید کیا،ان کی صحت بگڑتی چلی گئی لیکن انہیں علاج کی سہولیات سے محروم رکھا گیا۔