آرمی چیف کی سعودی چیف آف جنرل اسٹاف سے ملاقات، دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال

295

راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان اور سعودی عرب کی مسلح افواج کے درمیان فوجی تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کا تعاون خطے میں امن اور سلامتی پر مثبت اثرات مرتب کریگا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ریاض میں سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل فیاض بن حمد الرویلی سے ملاقات کی اور خطے کی سیکیورٹی صورت حال، افغان امن عمل اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں افغان امن عمل، دفاع اور سلامتی اور فوجی تعاون سے متعلق بھی تبادلہ خیال ہوا۔

آرمی چیف نے دونوں مسلح افواج کے درمیان فوجی تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کا تعاون خطے میں امن اور سلامتی پر مثبت اثرات مرتب کریگا، سعودی چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل فیاض بن حمد الرویلی نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شکریہ ادا کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی چیف آف جنرل اسٹاف نے علاقائی تعاون، امن و استحکام بہتر بنانے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔