جی 7 وزرائے خارجہ اجلاس، ہندوستانی وفد کے دو اراکین کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا

264

لندن: لندن میں سات وزرائے خارجہ کے گروپ کا اجلاس جی 7 بھی کورونا وائرس سے متاثر ہو گیا، ہندوستانی وفد کے دو اراکین وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ہندوستانی وزیر خارجہ اور ان کی ٹیم نے کہا ہے کہ وفد کے دو اراکین وائرس کا شکار ہونے کے بعد آئسولیشن میں چلے گئے ہیں۔برطانیہ تین روزہ اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے جو دو سالوں میں اس طرز کا پہلا جی 7 اجلاس ہے، جس میں روبرو بیٹھ کر سفارتکاری کے دوبارہ آغاز اور مغرب کو چین اور روس سے ملنے والی دھمکیوں کے خلاف متحدہ محاذ بنانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

دنیا میں کووڈ 19 کی سب سے ابتر صورتحال سامنا کرنے والا ملک بھارت بھی مہمان کی حیثیت سے جی-7 اجلاس میں شریک ہے اور اسے منگل اور بدھ کو ہونے والے تمام اجلاسوں میں شرکت کرنا تھی۔

ہندوستان کے وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے ٹوئٹر پر کہا کہ ہمیں کووڈ 19 کیسز کی زد میں آنے کے حوالے سے گزشتہ شام آگاہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ دوسروں کا خیال رکھنے کے لیے ہم نے اجلاس میں ورچوئل بنیادوں پر شرکت کا فیصلہ کیا ہے، آج بھی ہم جی 7 اجلاس میں اسی طرح شریک ہوں گے۔

یہ اجلاس جون میں ایک دیہی انگریزی ریزورٹ میں ہونے والے اہم جی 7 سربراہی اجلاس کی تیاری ہے جس میں امریکی صدر جو بائیڈن اور دیگر عالمی رہنما شرکت کریں گے۔