بلوچستان: پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے 4 اہلکار شہید

539

کوئٹہ: پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں نے فائرنگ کر کے ایف سی کے 4 اہلکاروں کو شہید اور 6 کو زخمی کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع ژوب کے مانزاکئی سیکٹر پر سرحد پار سے دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایف سی کے چار جوان شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فائرنگ میں 6 اہلکار زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طور پر سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی اہلکار پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے میں مصروف تھے کہ دہشت گردوں نے حملہ کردیا۔ ایف سی کی جانب سے دہشت گردوں کی فائرنگ کا فوری جواب دیا گیا۔

شہدا میں حوالدار نورزمان، سپاہی شکیل عباس شامل ہیں، سپاہی احسان اللہ، نائیک سلطان بھی شہدا میں شامل ہیں۔