انٹرسٹی ٹرانسپورٹ بند نہ کرنے کی وجہ سے کورونا بڑھا: وزیراعلیٰ سندھ

480

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ انٹرسٹی ٹرانسپورٹ بند نہ کرنے کی وجہ سے کورونا وائرس مزید پھیلا، ہمیں وائرس کا پھیلاؤ روکنا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ وفاق کو انٹرسٹی ٹرانسپورٹ بند کرنے کی تجویز دی تھی، انٹرسٹی ٹرانسپورٹ بند نہ کرنے کی وجہ سے کورونا بڑھا۔ ہمیں وائرس کا پھیلاؤ روکنا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں 25 فیصد سے زیادہ لوگوں کی اجازت نہیں، سندھ میں سرکاری دفاتر میں حاضری 20 فیصد کردی۔

این اے 249 میں ضمنی الیکشن پر گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی ضمنی الیکشن کے دن کوئی شکایت نہیں آئی، الیکشن کمیشن کا دوبارہ گنتی کا فیصلہ حیران کن تھا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ دوبارہ گنتی کو ریٹرننگ آفیسر نے مسترد کردیا تھا۔ الیکشن کمیشن کا فیصلہ آر او سے مختلف آیا لیکن ہم نے تسلیم کیا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ 2017 میں بھی الیکٹرونک ووٹنگ مشین کی بات کی گئی تھی، انتخابی اصلاحات اتفاق رائے سے ہی ممکن ہے، آرڈیننس لے آنا کوئی حل نہیں، آرڈیننس کی زندگی 4 ماہ ہوتی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایک وزیر چاند دیکھتے اور وینٹی لیٹر کا بھی بتاتے تھے جو ان کا کام ہی نہیں۔