یورپی قرارداد بین المذاہب فساد کی سازش ہے، ملی یکجہتی کونسل

83

کوئٹہ(نمائندہ جسارت) ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کے صدر مولانا عبدالحق ہاشمی،جنرل سیکرٹری مولاناعبدالقدوس ساسولی، ذمے داران علامہ ہاشم موسوی ،علامہ مقصودڈومکی،سید حبیب شاہ چشتی ،ولایت حسین جعفری ،مولانا انوارالحق حقانی ، محبوب سبحانی ،علامہ جمعہ اسدی ،اکبر حسین زاہدی ، مفتی عبدالواحدبازئی،رانامشتاق احمد،مولانا عبدالکبیر شاکر نے یورپی پارلیمنٹ کی متنازع اور اسلام دشمنی پر مبنی قرار داد کو شر انگیز قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ یہ قرار داد اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریحاً خلاف ورزی اور مذاہب کے درمیان نیا فساد کھڑا کرنے کے مترادف ہے ،غیرت ایمانی اور قیام پاکستان کے نظریاتی مقاصد کا تقاضا ہے کہ یورپی پارلیمنٹ کی شرانگیزاسلام دشمن قرار داد کو مسترد کیاجائے ۔نصاب سے دینی موادکا اخراج مسترد کرتے ہیں ۔اسلام آباد وقف کاقانون واپس لیا جائے۔ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کے قائدین نے کہاکہ پاکستان آزاد ، خود مختار اسلامی ملک ہے۔ اسلامی قوانین ، تحفظ ختم نبوت اور تحفظ ناموس رسالت قوانین پاکستان کے آئین کے مطابق ہیں۔ یورپی پارلیمنٹ کی پاکستان سے قوانین تبدیلی کی قرار داد ناقابل قبول ہے ، پاکستان میں قادیانیوں کو ان کے خلاف اسلام عقائد کی بنیاد پر پارلیمنٹ نے متفقہ طور پر غیر مسلم قراردیا ہے۔ قادیانی شرپسندگروہ کو یورپی ممالک سے سرپرستی سراسر اسلام دشمنی کا شاخسانہ ہے۔ یورپی ممالک پارلیمنٹ قرار دادواپس لیں ، عالمی امن کو تہہ و بالا نہ کریں۔ پاکستان کے عوام یورپی پارلیمنٹ کی اقتصادی بندشوں کی دھمکی سے مرعوب نہیں ہوں گے۔