حکومتی تعاون کے باعث سحر و افطار میں لوڈشیڈنگ نہیں ہوئی، گورنر سندھ

98

کراچی(نمائندہ جسارت) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کے الیکٹرک کو سپورٹ کیا ہے اور مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی ہے کہ کے الیکٹرک نے اپنا وعدہ پورا کیا اور ماہ رمضان میں سحر اور افطار کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہیں کی، کراچی کے شہریوں کو مستقل بنیاد پربہترین سہولت مہیا کرنے کیلیے کوشش کر رہے ہیں، کے الیکٹرک جس عزم کے ساتھ کام کررہا ہے اسے دیکھ کر میں شہر کے مستقبل کیلیے مثبت محسوس کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کے الیکٹرک کے بن قاسم پاور اسٹیشن III (BQPS-III) منصوبے کا دورے اور کے الیکٹرک کی سینئر لیڈر شپ کے ساتھ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنر سندھ نے کراچی میں بجلی کے نیٹ ورک میں اضافے کے حوالے سے منصوبے پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا، اور انہیں کے الیکٹرک کی انتظامیہ نے رمضان المبارک اور رواں سالمیں گرمیوں کے موسم میں بجلی کی ترسیل کے بارے میں بھی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی کیو پی ایس۔ III 650 ملین ڈالر کا منصوبہ ہے جو KE کے موجودہ نیٹ ورک میں 900 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کا اضافہ کرے گا۔ KE کی انتظامیہ، سیمنز، ایس ایس جی سی، اور PLL کے نمائندوں نے مجھے یقین دلایا ہے کہ وہ اس منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ گورنر سندھ نے انہیں ہدایت کی کہ پلانٹ کی کارکردگی کو متاثر کرنے والی کسی بھی رکاوٹ کو فوری طورپر دور کیا جائے اور اس ضمن میں حکومت پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔