فراہمی و نکاسی آب کے 4 منصوبوں پر کام جلد شروع ہوگا ، خالد شیخ

97

کراچی (رپورٹ: محمد انور) حکومت سندھ کے ڈائریکٹر جنرل پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کراچی کے فراہمی اور نکاسی آب کے 4 بڑے منصوبوں پر کام شروع کردیا ہے جس کے تحت فراہمی و نکاسی آب کی صورتحال بہتر کردی جائے گی۔ یہ بات حکومت سندھ کے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ یونٹ کے ڈائریکٹر جنرل خالد محمود شیخ نے منگل کو ’’جسارت‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ خالد محمود شیخ نے بتایا ہے کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ان پروجیکٹ میں حب کنال ری ہیبلیشن پروجیکٹ، 30 ایم جی ڈی واٹر سپلائی ڈسٹری بیوشن پروجیکٹ، ٹی پی فور سیوریج ٹریٹمنٹ اور لیاری سیوریج ری ہیبلیشن پروجیکٹ شامل ہیں۔ مذکورہ چاروں منصوبے حکومت کے محکمہ بلدیات کی نگرانی میں مکمل کرائے جائیں گے جس منظوری وزیراعلیٰ مراد علی شاہ دے چکے ہیں۔ ان منصوبوں میں حب کنال ری ہیبلیشن پروجیکٹ پر 11 ارب روپے جبکہ دھابیجی سے 30 ملین گیلن فراہمی آب کے منصوبے پر 20 ارب روپے لاگت آئے گی۔ ڈائریکٹر جنرل پی پی پی یونٹ نے بتایا کہ حب کنال ری ہیبلیشن پروجیکٹ کے لیے جلد ہی ٹینڈرز طلب کرلیے جائیں گے تاہم دھابیجی واٹر سپلائی کی اسکیم کے لیے ٹینڈرز کی تیاری اور دیگر امور پر کام جاری ہے۔ خالد محمود شیخ کا کہنا تھا کہ حب کنال کی بہتری کے بعد کراچی کے ضلع غربی اور وسطی میں پانی کی کمی دور ہوجائے گی کیونکہ حب ڈیم سے منسلک علاقوں کو 10 کروڑ ملین گیلن یومیہ پانی مل سکے گا۔ خالد محمود شیخ کا یہ بھی کہنا تھا کہ یونٹ کی نگرانی میں ملیر ایکسپریس وے منصوبے پر کام جاری ہے ۔