پوری قوم اس وزیر اعظم سے پریشان ہے،مرتضیٰ وہاب

181
کراچی:ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب پریس کانفرنس کررہے ہیں

کراچی (آن لائن) ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ گزشتہ تین سال میں وفاقی حکومت میں صرف ایک شخص نے بہترین کام کیا ہے اور وہ شخص وزیر اعظم کا فوٹو گرافر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی بلڈنگ کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ہیلی کاپٹر میں سفر کرتے ہیں اب وہ سڑک پر سفر کرنے لگے ہیں اور آج پہلی بار وہ بازار میں نکلے تو ان کی ویڈیو اور تصاویر میں کوئی خریدار نظر نہیں آیا اس کی دو وجوہات ہوسکتی ہیں ایک تو یہ کہ مہنگائی بہت ہے اور لوگ خریداری نہیں کرسکتے یا دوسری وجہ یہ کہ کسی کو بازار میں آنے ہی نہ دیا گیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اس وزیر اعظم سے پریشان ہے۔ گزشتہ ایک سال میں گندم میں 19 فیصد، مرغی 85 فیصد، دودھ 13 فیصد اور ٹماٹر کی قیمت میں60 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس نااہل حکومت نے امپورٹ کوڈبل اور ایکسپورٹ کو کم کردیا ہے۔