حکومت یورپی یونین کی قرارداد مسترد کرے‘ میاں اسلم

207

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے حکو مت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور یورپی یونین کی قرار داد کو مسترد کرتے ہوئے ملکی معاملات میں بے جا مداخلت پر ان سے شدید احتجاج کرے،مگر حکو مت کی جانب سے ا س مسئلے پر مجر مانہ خاموشی شرمناک ہے، مدینے جیسی ریاست بنانے کے دعویدار
نہ جانے کسی طرف چل پڑے،انھوں نے کہا اقلیتوں کے حقوق کے نام پر اکثریت کی امنگوں کے خلاف قانون سازی اور پالیسی سازی کیسے کی جاسکتی ہے؟ یکساں نصاب تعلیم کی آڑ میں مغرب کے ایجنڈے کی تکمیل کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے یونین کونسل میرا بادی کے دورے کے موقع معززین علاقہ کے ساتھ گفتگو کر تے ہو ئے کیا۔میاں محمد اسلم نے کہا پنجاب اور خیبرپختونخوا میں جس نصاب کو نافذکا اعلان کیا گیا ہے اگر وہ اسلامی تعلیمات کے مطابق نہ ہوا تو پھر پورے عوام کو اس کے خلاف سڑکوں پر لے کر آئیں گے،غیر ملکی این جی اوز کے ایماپر نصاب میں تبدیلی کا خواب نہ دیکھا جا ئے، نصاب تعلیم کی تیاری میں نظریاتی ذہن رکھنے والے ماہرین تعلیم اور علماکو شامل کیا جائے،انھوں نے چیف جسٹس سے اپیل کی کے وہ اس حو الے سے سوموٹو ایکشن لے۔