تحفظ ختم نبوت اورتحفظ ناموس رسالت ﷺ پر کسی قسم کا عالمی دباؤ قبول نہیں

443

 

لاہور (نمائندہ جسارت) مجلس احرار اسلام پاکستان کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ حکومت اعلان کرے کہ ناموس رسالت ﷺ کے حوالے سے کسی قسم کا دبائو قبول نہیں کیا جائے گا ۔ امیر مرکزیہ سید محمد کفیل بخاری نے لاہور کے ایک روزہ دورے پر لاہور کی قیادت سے ملاقات کی ۔اس موقع پر انہوں نے کہاکہ موجودہ صورتحال میں یورپی یونین کی طرف سے پاکستان کے قوانین میں مداخلت کوئی خیر کی علامت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یورپ کا 295سی کے خاتمے کا مطالبہ پونے دو ارب مسلمانوںکے جذبات کو مجروح کرنے کے مترادف ہے اس بابت تمام اسلامی ممالک کو مل کر کوئی ٹھوس قدم اٹھانے کی ضرورت پہلے سے بڑھ گئی ہے ۔مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل حاجی عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ تحفظ ختم نبوت اورتحفظ ناموس رسالت ﷺ پر کسی قسم کا عالمی دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ حکومت انبیا کرام علیہم السلام کی شان میں گستاخی کرنے والوں کو بدترین دہشت گرد ڈکلیئر کر ے اور ان کو سخت سے سحت سزائیں دے کر یورپی یونین کو جواب دے ۔انہوں نے کہا کہ یہ ملک کلمہ اسلام کے نام پر بنا تھا اگر اس میں حضور خاتم النبیین محمد کریم ﷺ کی ذات اقدس کی حفاظت کی بابت قوانین کو خطرہ ہے تو پھر قیام ملک کے مقصد کو ہی خطرات لاحق ہیں اور ایسے میں ناموس رسالت ﷺ پر قربان ہوجانا ہمیں اپنی زندگیوں سے زیادہ عزیز ہے یہ عقیدہ و نظریہ ہماری متاع گراں ہے اوراس پر سب کچھ قربان کیا جاسکتاہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکمران فوری طور پر یورپی یونین کو ٹھوس الفاظ میں جواب دے کر اپنے پاکستانی عاشق رسول ہونے کا ثبوت دیں اور استعماری ایجنڈے کو یکسر مسترد کریں بصورت دیگر غازی علم الدین شہید، ممتاز قادری اور عامر چیمہ جیسے جوان اپنی زندگیوں کو قربان کرنا سعادت سمجھتے ہیں۔